جموں//سیکرٹری ایڈمنسٹریٹیو ریفارمز ،انسپکشن اینڈ ٹریننگز امیت شرما نے آج سٹیشنری اینڈ آفس سپلائیز جموں اور رنبیر گورنمنٹ پریس جموں کا اَچانک دورہ کیا۔دوروں کے دوران سیکرٹری کے ہمراہ ایڈیشنل سیکرٹری سنائنا شرما اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔اے آر آئی اینڈ ٹریننگز ڈیپارٹمنٹ کے اِنتظامی کنٹرول میں آنے والے چند دفاتر میں بے قاعدہ کام کاج اور متعلقہ مسائل کے بارے میں یہاں موصول ہونے والے باقاعدہ تاثرات کے جواب میں اچانک چیکنگ کی گئی ہے ۔امیت شرما نے اچانک دورے کے دوران مطلوبہ ریکارڈ کو اَچھی طرح سے چیک کیا اور اس کے سٹوروں سمیت دفتر کے پورے کمپلیکس کا معائینہ کیا ۔اُنہوں نے محکمہ کے تمام ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ اِس اہم سرکاری اِدارے کے کام کاج کو مزید بہتر کرنے کے لئے تن دہی ، جوش اور جذبے سے کام کریں۔محکمہ کے ملازمین نے اَپنی رائے بتاتے ہوئے اِس محکمہ کو ختم کرنے کے پالیسی فیصلے کی وجہ سے اَپنے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورتحال پر ناراضگی کا اِظہار کیا ۔ اُنہوں نے یہ بھی شکایات کی کہ گذشتہ ڈی پی سی کے دوران جموں صوبہ کے بہت سے ملازمین کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے ان میں کافی ناراضگی پائی جاتی ہے۔امیت شرما نے ملازمین کے مسائل کا جواب دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ ایک ہفتہ کے اَندر اِس سلسلے میں حتمی رِپورٹ پیش کرنے کے ساتھ معاملے کی انکوائری کریں۔بعد میں سیکرٹری نے رنبیر سرکاری پریس کے کام کاج کا معائینہ کیا او راحاطے کے اندر اَپنائے جانے والے حفظان صحت اور آگ سے حفاظت کے اِقدامات پر زور دیا ۔اِس موقعہ پر جموں پریس کے جنرل منیجر پر شوتم شرما او رپریس کے دیگرمتعلقین موجود تھے۔سیکرٹری موصوف نے پریس کے تمام حصوں کا دورہ کیا اور احاطے کے اندر عملانے جانے والے صفائی ، حفظان صحت اور آگ سے حفاظت کے اِقدامات کے معیار کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے متعلقہ اَفراد کو ہدایت دی کہ اِس پرانے کمپلیکس میں ایمرجنسی ایگزٹ کا اِنتظام رکھا جائے جو امپھلہ جیل جموں سے متصل ایک تاریخی عمارت ہے ۔اُنہوں نے اس عمارت کو محفوظ رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کو کہا تاکہ یہاں کام کرنے والے ملازمین کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔سیکرٹری نے ان معائینہ دوروں کا مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اَپنی قدیم شان کو بحال کرنے کے لئے پوری جانفشانی سے کام کر رہا ہے اور اِس سلسلے میں یقینی طور پر باقاعدگی سے چیک اور دورے اہم کردار اَدا کریں گے ۔ اُنہوں نے محکمہ کے تمام وِنگوں کے لئے سالانہ معائینہ کیلنڈر تیار کرنے کو کہا۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ فیلڈ ملازمین کی تمام شکایات کو اوّلین ترجیح پرازالہ کیا جائے گا تاکہ وہ اَپنی سرکاری ذمہ داریوں کو مزید مستعدی سے سر اَنجام دیں۔










