سیکورٹی ایجنسیوںکواقلیتوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے اورملی ٹنسی مخالف کارروائیوںمیں تیزی لانے کی ہدایت
سری نگر//مرکز ی حکومت نے جموں وکشمیر میں اقلیتوں کی حالیہ ہلاکتوں،43روزہ سالانہ امرناتھ یاترا ،ملی ٹنسی کی سرگرمیاں اوردراندازی کی کوششوںکے پیش نظر وادی کشمیر میں سیکورٹی گرڈ کومزید مضبوط بنانے کیلئے اضافی سیکورٹی فورسز کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے30جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاتراکے پیش نظر نیم فوجی دستوں کی400کمپنیوںکے12ہزار اہلکاروںکی تعیناتی کوپہلے ہی مرکزی وزارت داخلہ نے منظوری دی ،اوراب اس میں 3000کااضافہ کیاگیاہے ۔غور طلب ہے کہ مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے 17مئی کونئی دہلی میں یکے بعددیگرے تین اہم میٹنگوں کے دوران جموں وکشمیرکی مجموعی سیکورٹی صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیا۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق سیکورٹی ذرائع نے نئی دہلی میں ایک میڈیا ادارے کو بتایاکہ وادی میں سیکورٹی کی صورتحال سے نمٹنے اور وہاں کے لوگوں کو بہتر سیکورٹی کور فراہم کرنے کیلئے تقریباً 15000 اضافی پیرا ملٹری فورس کے اہلکار جلد ہی تعینات کئے جائیں گے۔یہ فیصلہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے17مئی کو جموں و کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے اور اضافی فورسز کو تعینات کرنے کی ہدایت کے بعد آیا ہے۔امت شاہ نے سیکورٹی فورسز اور پولیس کو ہدایت کی کہ وہ مربوط انسداد ملی ٹنسی کی کارروائیاں فعال طور پر کریں اور جموں و کشمیر میں ملی ٹنسی کا صفایا کرنے کیلئے سرحد پار سے دراندازی کو بھی یقینی بنائیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال سے نمٹنے پر ناخوش تھے اور انہوں نے حالیہ جائزہ میٹنگوں کے دوران اسبات کااظہار کیا۔وزیرداخلہ امت شاہ نے انٹیلی جنس گرڈ سے کہا کہ وہ سرگرم جنگجوئوں کے بارے میں مزید مخصوص معلومات فراہم کرے اور مخصوص انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک مربوط انسداد ملی ٹنسی کارروائیوں میں تیزی لانے کوکہا۔میڈیا رپورٹ میںذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ اقلیتوں کی حالیہ ہلاکتوں نے ان میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے اور اس لئے یہ ضروری تھا کہ سب کو فول پروف سیکورٹی شیلڈ فراہم کیا جائے اور انسداد ملی ٹنسی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگجوئوں کا خطرہ امرناتھ یاترا پر بھی ہے جو دو سال کے وقفے کے بعد 30 جون کو شروع ہو رہی ہے، اس لیے سیکورٹی ایجنسیوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔یاد رہے منگل کو مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے اپنے نارتھ بلاک آفس میں جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگیں کیں۔ میٹنگوں میں آرمی چیف جنرل منوج پانڈے ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول،مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے کمار بھلہ اور مرکز اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔










