سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ بارہمولہ میں شراب کی دکان پر ہوئے گرینیڈ حملے میں ملوث لشکر طیبہ سے وابستہ چار ملی ٹنٹ اور ایک اعانت کار کو گرفتار کیا گیا ہے۔ آئی جی کشمیر وجے کمار کے مطابق گرفتار شدگان کے قبضے سے 23 گرینیڈ، پانچ پستول اور دیگر قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ پولیس ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بارہمولہ کے دیوان باغ علاقے میں منگل کی شام کو شراب کی دکان پر ہوئے گرینیڈ حملے میں ملوث چار لشکر ملی ٹنٹ اور ایک اعانت کار کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرینیڈ حملے کے بعد کئی افراد کو پوچھ تاچھ کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا جبکہ آس پاس کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی کھنگالا گیا، جس کے بعد پولیس نے ضلع کے کئی علاقوں میں چھاپہ ماری کی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے گرینیڈ حملے میں ملوث لشکر طیبہ کے چار سرگرم ملی ٹنٹوں اور ایک اعانت کار کو گرفتار کیا ہے۔ اُن کے مطابق تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے ٹوئٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ بارہ مولہ گرینیڈ حملے میں ملوث ملی ٹینٹ ماڈیول کا پردہ فاش کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چار لشکر ملی ٹنٹ اور اُن کے ایک ساتھی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے پانچ پستول، 23 گرینیڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ملی ٹینٹ ماڈیول کئی تخریبی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہے ہیں اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔










