اَفسران کو پودے لگانے اور آبی ذخائر کے تحفظ پر توجہ دینے کی ہدایت
اننت ناگ//کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات سنجیو ورما نے آج جنوبی کشمیر میں محکمہ جنگلات کے کام کاج کا جائزہ لیا۔کنزویٹر محکمہ جنگلات جنوبی کشمیر عرفان علی شاہ نے محکمہ کی طرف سے کی جارہی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ سوشل فارسٹری ڈویژن رواں مالی برس کے دوران 1.93 لاکھ پودے لگائے گا ۔ اِس کے علاوہ لدر ڈویژن کی جانب سے 25,000 درخت لگائے جارہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ نے 2.05 لاکھ پودے تقسیم کئے ہیں جس کے لئے ضلع میں مختلف بیداری اور تقسیم کیمپوں کا اِنعقاد کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو ان کے آس پاس کے علاقوں میں خود پودے لگانے کی ترغیب دی جا سکے ۔عرفان علی شاہ نے منریگا کے ساتھ مختلف شجرکاری کے بارے میں تفصیلات پیش کیں جس میں گذشتہ مالی برس میں کل 3.5لاکھ ایام کار پید ا کئے گئے تھے اور رواں مالی برس کے لئے ہدف 5.2 لاکھ ایام کار مقرر کیا گیا ہے ۔ اِس کے علاوہ آبی ذخائر کی اَز سر نو تخلیق کے لئے 1,094 کاموںکی تجاویز کو منظوری دی گئی ہے جس میں چیک ڈیم ، گڑھے کھودنے ، پانی کے ذخیرہ کرنے کے ذخائر شامل ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سائوتھ سرکل نے گذشتہ مالی برس کے دوران 16.73 لاکھ پودے لگائے جن میں عوام میںسفیدی ، سیلکس ماواس کی مفت تقسیم شامل ہے۔کمشنر سیکرٹری محکمہ جنگلات و ماحولیات سنجیوورما نے سائوتھ سرکل سے جنگل میں آگ لگنے کے واقعات کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی ۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آتشزدگی کے ایسے تمام واقعات کی گہری انکوائری کی جائے اور مجرم کو قانون کے مطابق کٹہرے میں لایا جائے۔اُنہوں نے اَفسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لئے تخفیفی اقدامات شروع کرنے پر زو ردیا۔اُنہوں نے لوگوں اور پی آر آئیز او ردیگر نچلی سطح کے اِداروں کی فعال شرکت سے مشن موڈ میں شجرکاری سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کو مزید نرسریوں کو تیار کرکے نرسری کی پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے پر بھی توجہ دینی چاہیے تاکہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹا جا سکے بالخصوص جنوبی ڈھلوانوں پر تنزلی جنگلات کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔سنجیوورما نے طرز عمل میں تبدیلی لانے اور ماحولیاتی تحفظ میں عوامی شرکت بڑھانے پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بچی کی پیدائش پر ایک پودا لگانے جیسے پروگرام کو فروغ دینا چاہیئے۔اُنہوں نے فلیگ شپ گرین جموں وکشمیرمہم کے تحت سائوتھ سرکل کی طرف سے کئے گئے کام کی تعریف کی۔اِس موقعہ پر اے ڈی سی گلزار احمد ، اے سی ڈی ریاض احمد ، لدر اننت ناگ ڈویژن کے ڈی ایف اوز او رسوشل فارسٹری کے علاوہ وائلڈ لائف وارڈن جنوبی کشمیر موجود تھے۔بعدمیں کمشنر سیکرٹری نے لدر فارسٹ ڈویژن کے مٹن اور پہلگام کے جنگلات کا معائینہ کیا ۔اُنہوں نے ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے سیاحوں اور قدرت سے محبت کرنے والوں کی موجودگی میں ’’ ایک سیاح ایک پودا پروگرام ‘‘ کے بینر تلے پہلگام میں پودا بھی لگایا۔اُنہوں نے نُن وَن یاتر ابیس کیمپ میں یاترا کے اِنتظامات کا بھی جائزہ لیااور وہاں انہوں نے خیمہ کیمپ کی جگہیں تیار کرنے کی ہدایت دی ۔










