روہامہ رفیع آبادمیں سرگرم جنگجو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار

ایک پستول ، ایک میگزین اور گولیوں کے5رائونڈ ضبط:پولیس

سوپور//سیکورٹی حکام نے روہامہ رفیع آباد میں ایک سرگرم ملی ٹنٹ کواسلحہ وگولی بارود سمیت گرفتار کرنے کے بعددعویٰ کیاکہ شمالی کشمیر میں لشکر طیبہ کی ٹارگٹ کلنگ کے منصوبے کوناکام بنادیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق شمالی کشمیر کے رفیع آباد سوپور علاقے میں سیکورٹی فورسز نے لشکر طیبہ سے وابستہ ایک سرگرم جنگجو کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد 32 آر آر، جموں وکشمیر پولیس اور 92 بٹالین سی آر پی ایف نے 13اور14مئی کی درمیانی رات کو روہامہ رفیع آباد میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا اور اس دوران ایک سرگرم جنگجو کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران گرفتار جنگجو کی شناخت رضوان شفیع لون ولد محمد شفیع لون ساکن شوگپورہ ماگام ہندواڑہ کے بطور ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ جامہ تلاشی کے دوران جنگجو کے قبضے سے ایک پستول ، ایک میگزین اور پانچ گولیوں کے راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ لشکر جنگجو کی گرفتاری سے شمالی کشمیر میں ملی ٹینٹوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنایا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہینڈلرز نے سرگرم ملی ٹینٹ کو شمالی کشمیر میں سیکورٹی فورسز اورخاص شخصیات کو ٹارگیٹ کرنے کام سونپا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ جنگجو کو سال2017 اور 2018 میں بھی پتھر بازی اور ملی ٹینسی کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔