وادی میں دوسرے دن بھی گرمی کی شدت برقرار

13،14اور15مئی کوجموں وکشمیر میں گرمی کی شدت زیادہ ہوگی:ماہرموسمیات

سری نگر//جمعرات کودوپہر ٹھیک ایک بجے شہر سری نگرمیں پارہ26ڈگری سینٹی گریڈاورجموں شہر میں39ڈگری سینٹی گریڈ ہونے کے بیچ محکمہ موسمیات نے اسبات کی تصدیق کی کہ 13،14اور15مئی کوجموں وکشمیر میں گرمی کی شدت زیادہ ہوگی ،اورسری نگر وجموں شہروں میں دن کادرجہ حرارت بالترتیب31ڈگری اور41ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے ۔تاہم محکمہ موسمیات نے 16اور17مئی کوکہیں کہیں ہلکی بارشوں ،تیز ہوائوں اورمخصوص علاقوں میں گرج چمک کے بیچ ژالہ باری ہونے کابھی اندیشہ ظاہر کیا۔جے کے این ایس کے مطابق حالیہ کچھ دنوں کے مقابلے میں جمعرات کوصبح سے ہی پوری کشمیر وادی میں درجہ حرارت زیادہ رہا۔دن کے ٹھیک ایک بجے سری نگرمیں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26ڈگری سینٹی گریڈ تھا،جو بعدازاں 2سے3بجے کے بیچ 27ڈگری سینٹی گریڈ کوعبور کرگیا۔اسی طرح سے جموں شہرمیں بھی2سے3بجے کے بیچ درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ کوعبور کرگیا۔سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر اورماہر موسمیات ڈاکٹر مختار احمد نے اسبات کی تصدیق کی کہ 13،14اور15مئی کوجموں وکشمیر میں گرمی کی شدت زیادہ ہوگی۔انہوںنے بتایاکہ 13سے15مئی تک گلمرگ اورپہلگام کے بغیر پورے کشمیر بشمول سری نگرمیں دن کازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ یعنی 29سے31ڈگری سینٹی گریڈ ہونے کاامکان ہے جبکہ ان تین دنوں میں جموں شہر اوراس صونے کے دیگراضلاع میں بھی دن کازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ یعنی 39سے41ڈگری سینٹی گریڈتک پہننے کاامکان ہے۔ماہر موسمیات ڈاکٹر مختار احمد نے مزید کہاکہ جمعہ ،سنیچر اور اتوار کوسری نگروجموں شہرسمیت پورے جموں وکشمیر میں دن کادرجہ حرارت معمول سے کئی کئی ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کے بعد16اور17مئی کوکشمیروادی اورجموں صوبے میں کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہونے کاامکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے ذرائع نے 16اور17مئی کوکہیں کہیں ہلکی بارشوں ،تیز ہوائوں اورمخصوص علاقوں میں گرج چمک کے بیچ ژالہ باری ہونے کابھی اندیشہ ظاہر کیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ موسمیاتی ماہرین کامانناہے کہ مون سون سے قبل ماہ مئی میںدن کازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت عمومی طورپر20اعشاریہ3ڈگری سینٹی گریڈ رہتا ہے ،تاہم امسال ماہ اپریل سے ہی گرمی کی شدت بڑھ گئی اوررواں ماہ دن کادرجہ حرارت ریکارڈ بناسکتا ہے ۔