سرینگر//ڈی ڈی سی کے ارکان ، پی آر آئی کے نمائندوں اور کئی عوامی وفود نے سول سیکرٹریٹ میں لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے علاقوں سے متعلق مختلف مسائل اور خدشات سے آگاہ کیا ۔ گاندر بل کے ممبران ڈی ڈی سی کے ایک وفد نے مشیر سے بات چیت کی اور ان کے ساتھ عوامی اہمیت کے کئی مسائل اٹھائے ۔ اسی طرح سب ڈویژن گول ، رام بن کے سرپنچوں ، پنچوں ، این جی اوز کے ایک وفد نے مشیر سے ملاقات کی اور اپنے علاقے کے کئی ترقیاتی مسائل مشیر کے ساتھ اٹھائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت جمن سے گاگرہ تک سڑک کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اس کے علاوہ جامع مسجد گول کی طرف جانے والی لنک روڈ کو بھی مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے گول تتا پانی سڑک کیلئے دی گئی زمین کے معاوضے کی بھی مانگ کی ۔ وفد نے مزید مطالبہ کیا کہ سب ڈویژن کے مختلف تعلیمی اداروں میں تمام خالی آسامیوں کو جلد سے جلد پُر کیا جائے ۔ اسی طرح محلہ انتظامیہ کمیٹی ناری بل صورہ کے ایک وفد نے بھی مشیر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے ناری بل سے میٹر نٹی ہسپتال صورہ کی طرف لنک روڈ کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ان وفود کے علاوہ بارہمولہ ، سوپور ، سرینگر ، کوکر ناگ اور دیگر علاقوں کے کئی افراد اور عوامی نمائندوں نے بھی مشیر سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ عوامی اہمیت کے کئی مسائل اٹھائے ۔ مشیر نے ڈی ڈی سی کے اراکین ، پی آر آئی کے نمائندوں اور دیگر عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔










