سرینگر// تریپورہ کیڈر کے آئی اے ایس افسر اکشے لابرو نے جمعہ کے روز جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر اطلاعات اور تعلقات عامہ کا چارج سنبھال لیا۔کشمیر نیوز سروس کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چارج سنبھالنے کے بعد ڈائریکٹر موصوف نے آفس کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا اور محکمہ کے مختلف شعبوں کے عہدیداروں سے بات چیت کی۔ ڈائریکڑریٹ آفس میں تعینات عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر نے انہیں ہدایت دی کہ وہ انتہائی خلوص اور لگن کے ساتھ کام کریں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ لابرو کو بدھ کے روز ڈائریکٹر انفارمیشن جموں و کشمیر کا اضافی چارج سونپا گیا تھا جبکہ وہ لیفٹیننٹ گورنر کے سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدے پر تعینات تھے۔اکشے لیبرو جموں و کشمیر حکومت میں شامل ہونے سے قبل وزارت دفاع اور صنعت و تجارت میں پالیسی ایسوسی ایٹ کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں جبکہ ڈائریکٹر انفارمیشن جموں و کشمیر کے عہدے کا اضافی چارج دینے سے پہلے انہیں مشن ڈائریکٹر، اٹل مشن فار ریجوینیشن اینڈ اربن ٹرانسفارمیشن 2.0 پر تعینات کیا گیا تھا۔










