جموں و کشمیر ملک کا اٹوٹ انگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا

جموں و کشمیر ملک کا اٹوٹ انگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا

حدبندی کمیشن کی رپورٹ پر پاکستانی اعتراض ،بھارت نے مسترد کردیا،کہا یہ سار اعمل اندرونی معاملہ ہے

سری نگر//جموں وکشمیر میں اسمبلی وپارلیمانی حلقوںکی حدبندی کاعمل بھارت اورپاکستان کے درمیانی سفارتی چپقلش کاموجب بن گیا ہے ،کیونکہ بھارت نے پاکستان کے اعتراض کویکسر مسترد کرتے ہوئے اس موقف کااعادہ کیاہے کہ کہ جموں و کشمیر ملک کا اٹوٹ انگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ساتھ ہی بھارت نے یہ بھی کہاہے کہ دفعہ 370کی منسوخی اورجموں وکشمیرکی تنظیم نو بھارت کااندرونی معاملہ ہے ،اوریہ کہ یہ فیصلے ملک کی پارلیمنٹ میں متفقہ طور پر لئے گئے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق جمعرات کو5رُکنی حدبندی کمیشن کی جانب سے جموں وکشمیرمیں اسمبلی وپارلیمانی حلقوںکی سرنو حدبندی سے متعلق حتمی مسودہ رپورٹ پر دستخط کئے جانے ،اس رپورٹ کوجموں وکشمیر کے گیزٹ پر چڑھانے اورحتمی رپورٹ مرکزی حکومت کوپیش کئے جانے کے بعد پاکستان کی وزارت خارجہ نے اسلام آباد میں تعینات ہندوستان کے ناظم الامور کو یہاں طلب کیا ہے اور حد بندی کمیشن کی رپورٹ کو اسلام آباد کی طرف سے دوٹوک طور پر مسترد کرنے سے آگاہ کرتے ہوئے ایک ڈیمارچ سونپا ۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے ہندوستانی سفارت کار کو بتایا کہ حد بندی کمیشن کا مقصد جموں اور کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کو حق رائے دہی سے محروم اور بے اختیارکرنا ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کیلئے مبینہ نامنہاد حد بندی کمیشن کی رپورٹ کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔ادھر ہندوستان نے پاکستان کو بارہا یہ کہا ہے کہ جموں و کشمیر ملک کا اٹوٹ انگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ اس نے پاکستان کو حقیقت کو قبول کرنے اور تمام بھارت مخالف پروپیگنڈا بند کرنے کا مشورہ بھی دیا۔