moon

سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات میں آج عیدالفطرمنانے کااعلان

سرینگر///سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں سوموار کو عید الفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے ۔ اس کیساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات، قطر، عراق، کویت اور بحرین میں بھی 2مئی کو عید منانے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ پاکستان بھارت ، بنگلہ دیش میں منگل کو عید منائی جارہی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ عیدالفطر پیر 2 مئی کو منائی جائے گی کیونکہ ہفتے کی شام شوّال کا چاند نظر نہیں آیا ہے لہٰذا اتوارکو تیسواں روزہ ہے۔جن ممالک میں 2 اپریل کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا آغاز ہوا تھا،وہاں یکم مئی کو رمضان المبارک کی تیس تاریخ ہے اور پاکستان سمیت باقی ممالک میں انتیسواں روزہ ہے۔بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے ٹویٹرپربتایا کہ متحدہ عرب امارات، قطر، عراق، کویت اور بحرین نے بھی اعلان کیا ہے کہ عیدالفطر کا پہلا دن 2 مئی ہوگا۔گذشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے کہا تھا کہ عیدالفطر 2 مئی کو ان بیشتر ممالک میں آئے گی جہاں رمضان المبارک کا مقدس مہینہ 2 اپریل سے شروع ہوا تھا۔اس نے مزید کہا تھا کہ 30 اپریل کونئے ماہ کا ہلال دیکھنا ناممکن ہو جائے گا کیونکہ چاند سورج سے پہلے غروب ہو جائے گا۔ادھر بھارت ، پاکستان ، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں عید الفطر منگل کے روز منائی جارہی ہہے ۔ رمضان المبارک کے ماہِ مقدس کے اختتام پرمسلمان مذہبی جوش وخروش اور عقیدت واحترم سے عیدالفطرکی تقریبات مناتے ہیں۔ماہِ صیام ہلال چاند کو نظرآنے کی بنیاد پر29 یا 30 دن تک جاری رہتا ہے۔مسلمان 354 یا355 ایام کے سال میں 12 ماہ پرمشتمل قمری تقویم کی پیروی کرتے ہیں۔