جیش محمد سے وابستہ2ہائی برڈ ملی ٹنٹ گرفتار،2پستول،2 میگزین، 10 گولیاں بر آمد:پولیس
سری نگر//شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں پولیس ،فورسزاورفوج نے ایک مشترکہ روڑ چیکنگ کے دوران کالعدم تنظیم جیش محمدسے وابستہ2سرگرم جنگجوؤں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ۔جے کے این ایس کے مطابق ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ2 جنگجو ایک گاڑی میں سری نگر کی طرف جا رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس، فوج کی29آرآر اور 2 ایس ایس بی کی ایک مشترکہ ٹیم نے قومی شاہراہ پر مختلف مقامات اور جگہوں پر ناکے لگا دئیے۔بیان کے مطابق اس دوران پٹن علاقے میں ایک تیز رفتار تویرا گاڑی کو مشکوک حالت میں آتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ اس گاڑی کو جب ایک ناکے پر رُکنے کا اشارہ کیا گیا تو گاڑی اچانک رُک گئی اور گاڑی کا ڈرائیور اور اس کا ساتھی فوراً گاڑی سے نیچے اتر گئے اورنزدیک ہی واقع ایک باغ کی طرف بھاگ گئے۔ موصوف ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے ان کا تعاقب کرکے ان کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔گرفتار شدگان کی شناخت عاقب محمد میر ولد محمد رمضان میر ساکن بٹہ پورہ سوپور اور دانش احمد ڈار ولد عبدالاحد ڈار ساکن چھان کھن سوپور کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ گرفتار شدگان کالعدم تنظیم جیش محمدکے ہائی برڈ ماڈیول سے وابستہ تھے اور وہ عوامی نمائندوں، اقلیتی فرقے کے لوگوں اور غیر مقامی لوگوں پر حملے کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ تویرا گاڑی کو ضبط کیا گیا اور تلاشی کے دوران گاڑی سے چینی ساخت کے2پستول، ان کے2 میگزین، 10 گولیاں اور کچھ قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔پولیس ترجمان نے کہا کہ ان2جنگجوؤں کی گرفتاری سے ملی ٹنسی سے متعلق ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا اور ایک ملی ٹنٹ ماڈیول کو تباہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔










