امسال 80ہزار عازمین حج پر جائیں گے جن میں 5000 خواتین بغیر محرم کے بھی شامل / مختار عباس نقوی
سرینگر / /دو سال تک مسلسل کووڈ پابندیوںکے بیچ امسال سعودی حکومت کی جانب سے حج کے فریضہ کو انجام دینے کی اجازت کے بعد حج کے مقدس سفر پر جانے کے خواہشمند ملک بھر کے مسلمانوں کیلئے بڑی راحت کا اعلان کرتے ہوئے وزارت حج نے اعلان کیا ہے کہ اس سال 80 ہزار عازمین حج پر جائیں گے جن میں 5000 خواتین بغیر محرم کے بھی حج پر جائیں گئیں ۔ سی این آئی کے مطابق حج کے مقدس سفر پر جانے کے خواہشمند ملک بھر کے مسلمانوں کیلئے بڑی خبر ہے کہ اس مرتبہ 80 ہزار عازمین حج پر جائیں گے۔ اس سلسلے میں اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ اس سال ہونے والے حج کے لیے 80 ہزار ہندوستانیوں کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں عازمین حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچتے ہیں۔ لیکن گزشتہ 2 سال سے کورونا کی وبا کی وجہ سے کافی پابندیاں تھیں۔ تاہم اب سعودی عرب نے ان پابندیوں کو ہٹا دیا ہے۔مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ انڈونیشیا کے بعد ہندوستان سے سب سے زیادہ لوگ حج پر جائیں گے۔ تمام مراکز پر کووڈ ویکسین اور آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ وہیں اس مرتبہ 5000 مسلم خواتین بغیر محرم کے حج پر جائیں گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ خواتین بغیر خون کے رشتہ دار کے ساتھ بھی حج کر سکیں گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس مرتبہ ہم نے 10 ایمبارکیشن پوائنٹس بنائے ہیں ، جہاں سے عازمین حج جاسکتے ہیں۔ اس سال حج کیلئے 90 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ملک کے 10 شہروں کو سفر حج پر جانے کیلئے سینٹر بنایا گیا ہے، ان میں دہلی، ممبئی، لکھنؤ، احمد آباد، گوہاٹی، سری نگر، کوچی، حیدرآباد اور بنگلورو شامل ہیں۔وہیں سعودی عرب کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق اس سال 65 سال سے زائد عمر کے افراد حج پر نہیں جا سکیں گے۔ ان پر پابندی کا یہ فیصلہ کورونا کی وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کہا کہ دوسرے ممالک سے آنے والے لوگوں کو منفی کووڈ رپورٹ پیش کرنی ہوگی اور ضروری قواعد پر عمل کرنا ہوگا۔مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ عازمین حج کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ حج ڈیوٹی پر مامور افسران و ملازمین کے انٹرویوز کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔










