سری نگر میں قیدی صحافی کے دفتراور گھر پر چھاپہ
سری نگر// نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور نئی تشکیل شدہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) کی ایک مشترکہ ٹیم نے اتوار کو کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں جیل میں بند صحافی کے دفتر اور ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔کشمیر نیوز سروس کو میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے اتوار کوسری نگر کے صورہ کے علاقے انچار میں داؤد کالونی میں جیل میں بند صحافی فہد شاہ کی رہائش گاہ کی تلاشی لے رہی ہے، ان کے دفتر ’’دی کشمیر والا‘‘ میگزین کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔ سری نگر کے کرصو راجباغ میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور ایس آئی اے کی مشترکہ ٹیم نے تلاشی لی۔ایک اہلکار نے اس پیشرفت کی تصدیق کی اور کہا کہ “ایس آئی اے اور این آئی اے کے دفاتر میں پہلے سے درج مقدمات کے سلسلے میں تلاشیاں کی جا رہی ہیں۔جموں و کشمیر پولیس نے صحافی فہد شاہ پر پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) نافذ کیا ہے جس پر پہلے دو ماہ سے تین مقدمات درج تھے اور وہ اس وقت کپواڑہ سنٹرل جیل میں بند ہیں۔شاہ کو پہلی بار 4فروری کو پولیس نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا کہ اس نے مبینہ طور پر عسکریت پسندی کی تعریف کی، جعلی خبریں پھیلائیں اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو اکسایا۔پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ فہد شاہ کے خلاف تین الگ الگ فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آر) درج کی گئی ہیں۔فہد، جو ایک مقامی نیوز میگزین اور پورٹل، “کشمیر والا” کے ایڈیٹر ہیں، کو پہلی بار پلوامہ پولیس کی طرف سے 13 غیر قانونی سرگرمیوں کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 19/2022میں گرفتار کیا گیا تھا جس میں سری نگر کی خصوصی عدالت نے عبوری ضمانت دی تھی۔ اس کے بعد اسے شوپیاں پولیس نے ایف آئی آر نمبر 06/2021میں گرفتار کیا جس میں سے منصف عدالت نے اسے عبوری ضمانت دے دی اور پھر سری نگر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ جموں و کشمیر پولیس نے بعد میں اس پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا اور شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کی سنٹرل جیل میں زیر حراست ہے۔










