لفٹینٹ گورنر نے ’ اتھواس ‘ کو جھنڈی دکھائی

لفٹینٹ گورنر نے ’ اتھواس ‘ کو جھنڈی دکھائی

ماحولیاتی ورثے کی ترقی اور تحفظ کیلئے کمیونٹی کی موثر شرکت لازمی ۔ لفٹینٹ گورنر

سرینگر//لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے ڈل جھیل کی بحالی کیلئے شہریوں اور حکام کے درمیان ایک منفرد شراکت داری ’ اتھواس ‘ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ ماحولیاتی ورثے کی ترقی اور تحفظ کیلئے کمیونٹی کی موثر شرکت کو لازمی قرار دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کی صفائی اور کھدائی کا کام شہریوں کے ساتھ مل کر کیا جائے گا ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ پچھلے دو برسوں میں ڈل جھیل کو صاف کرنے اور جموں و کشمیر میں دیگر آبی ذخائیر کے تحفظ کیلئے وقف کوششیں شروع کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے بجٹ میں ڈل اور نگین جھیلوں کی ترقی اور تحفظ کیلئے 373 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ڈل جھیل کو صاف کرنے کیلئے فعال عوامی شرکت کے ساتھ ایک کامیاب مہم چلائی جا رہی ہے ۔ گذشتہ سال شروع کی گئی جڑی بوٹیوں کو ختم کرنے کی مہم بہت کامیاب رہی اب ہم موجودہ بیڑے میں صفائی کی نئی مشینیں شامل کریں گے اور 60000 مربع میٹر کے رقبے کو بحال کرنے کیلئے مغربی جانب ڈریجنگ کا کام شروع کریں گے ۔ ولر جھیل کے تحفظ کے بارے میں لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جھیل کے ساتھ ایک واک وے تعمیر کرنے کی تجویز ہے جس سے وُلر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا اور اس کے ساتھ ساتھ تجاوزات کو روکنے میں بھی مدد ملے گی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہمارا مقصد جموں و کشمیر کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو زندہ کرنا ہے اور یہاں کی جھیلیں اس ورثے کا انمول حصہ ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم ک حوصلہ افزائی کے ساتھ یو ٹی کے لوگ جموں و کشمیر کی قدرتی دولت کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین دہائیوں سے خوشحال سر جھیل سوکھ کر سیوریج کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکی تھی انتظامیہ اور عوام کی شراکت داری کے بعد ہی جھیل کو از سر نو بحال کر کے اس کی اصل شکل میں واپس لایا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے سرینگر کے لوگوں اور ضلعی انتظامیہ کی اس پہل کیلئے کوششوں کو بھی سراہا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ اس سال ہمارا مقصد یو ٹی کے مختلف حصوں میں 3600 آبی ذخائیر کو بحال کرنا ہے ۔ میں تمام اسٹیک ہولڈرز ، پی آر آئیز اور محکموں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مشترکہ کوششوں کے ساتھ ہماری قدرتی دولت کے بچانے کے عزم کے ساتھ ہاتھ ملائیں ۔قبل ازیں لفٹینٹ گورنر کے ساتھ مئیر ایس ایم سی شیخ جنید عظیم مٹو ، ڈی ڈی سی چئیر مین سرینگر شیخ آفتاب ملک ، ڈل صفائی مہم میں سینئر افسران اور رضا کاروں نے حصہ لیا ۔ اپنے خطبہ استقبالیہ میں ایل سی ایم اے کے وائس چئیر مین شیخ بشیر احمد بھٹ نے اتواس ڈل صفائی مہم کے بارے میں ایک مختصر تعارف پیش کیا ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، پرنسپل سیکرٹری ایچ یو ڈی ڈی دھیرج گپتا ، ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے ، آئی جی پی کشمیر وجے کمار ، سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ، ڈی سی سرینگر شیخ محمد اعجاز اسد ، ایل سی ایم اے اور دیگر محکموں کے سینئر افسران کے علاوہ ضلع سرینگر کے مختلف اداروں کے طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی ۔