گزشتہ ماہ تقریباًڈیڑھ لاکھ سیاح واردکشمیر ،جون2021سے ابتک تعداد 72لاکھ جموں وکشمیر گئے
سری نگر//مرکزی حکومت نے جمعرات کوکہاکہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران تقریباًایک لاکھ42ہزار سیاحوں نے کشمیر کا دورہ کیا، جو گزشتہ7 سالوں میں سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق جمعرات کو راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے میں مدد کر رہی ہے اور اس کے اچھے نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے مہینے میں جموں کے لئے پروازوں کی تعداد 1280 تھی اور سری نگر کے لئے 2048پروازیں ہے، جو شہری ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے کوبہتر بنانے کیلئے مرکز کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے۔وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے جموں کو دی جانے والی مالی امداد ملک میں سب سے زیادہ ہے، جس میں کووڈ 19کے دوران اور ایمرجنسی کریڈٹ لائن گارنٹی اسکیم کے تحت 3902 قرضے شامل ہیں، اور ایک لاکھ تین ہزار750 لوگوں کی مدد کی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر میں کووڈ 19کے بعد صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ صرف پچھلے مہینے میں ایک لاکھ42ہزار لاکھ سیاحوں نے کشمیر کا دورہ کیا،اور یہ جموں و کشمیر میں پچھلے 7 سالوں میں سیاحوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ وزیر موصوف نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا کو بتایاکہ جون 2021 کے بعد سے، تقریباً 72 لاکھ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا اور اس سے مقامی لوگوں کو مدد ملی ہے اور ان کے فنون اور دستکاری کو فروغ دیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر سیاحت جی کشنریڈی نے اپنے تحریری جواب میں کہا کہ اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں، جموں و کشمیر اور لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گھریلو سیاحت اپنے عروج پر ہے۔انہوںنے کہاکہ اس کی توثیق وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر سے ہوتی ہے جب وہ جموں و کشمیر اور لداخ کا سال2022-23 کا بجٹ پیش کرتے ہیں۔ اس کے مطابق سیاحت کا شعبہ بھی سیاحوں کی آمد میں اضافہ درج کر رہا ہے۔ جی کشن ریڈی نے کہاکہ دسمبر 2021 میں تقریباً ایک لاکھ43ہزار سیاحوں نے کشمیر کا دورہ کیا جو کہ پچھلے 7 سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔انہوںنے مزیدکہاکہ ستمبر 2021 سے اب تک تقریباً 72لاکھ 9ہزار سیاحوں نے جن میں یاتری سیاح بھی شامل ہیں، جموں و کشمیر کا دورہ کیا جو پچھلے سال کے مقابلے بہت زیادہ ہے۔ مرکزی وزیر سیاحت نے کہاکہ سردیوں کے موسم میں سری نگر اور نمایاں سیاحتی مقامات بالخصوص گلمرگ اور پہلگام میں 100 فیصد اعلیٰ درجے کے ہوٹلوں میں سیاحوںکی موجودگی دیکھی گئی ہے۔










