سری نگر//اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بی جے پی خاندانی سیاست کے خلاف ہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ یہ ان کی وجہ سے ہی ہے کہ حال ہی میں ختم ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کئی ممبران پارلیمنٹ کے بچوں کو ٹکٹ نہیں ملا۔جے کے این ا یس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق وزیر اعظم نریندرمودی اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو نئی دہلی میں بی جے پی پارلیمانی پارٹی میٹنگ میں4 ریاستوں میں زعفرانی پارٹی کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی گئی۔5ریاستوں میں حال ہی میں ختم ہونے والے اسمبلی انتخابات میں، بی جے پی نے 4ریاستوں بشمول سیاسی طور پر اہم اُترپردیش ،اُتراکھنڈ ،منی پور اورگوامیں اقتدار برقرار رکھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے پارٹی ممبران پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ خاندانی سیاست کے خلاف لڑیں کیونکہ یہ جمہوریت کے لئے خطرناک ہے۔انہوںنے اسبات پرزوردیاکہ خاندانی سیاست سے لڑنے کیلئے، بی جے پی کو تنظیم کے اندر اس طرح کے طریقوں پر روک لگانی ہوگی۔وزیر اعظم نریندرمودی نے مزید کہا کہ اگر پارٹی کے کچھ ممبران اسمبلی کے بچوں کو اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ نہیں ملا تو یہ ان کی وجہ سے تھا۔










