سری نگر// ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر کشمیر، اعجاز احمد بٹ نے سنٹر آف ایکسی لینس (سی ای او) زوورا، خانموہ میں اسپرنگ بلاسم فیسٹیول 2022منانے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے میٹنگ کی جسے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق 21مارچ 2022 اور ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ میٹنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر (سنٹرل)، چیف ہارٹیکلچر آفیسرز، چیف کیننگ انسٹرکٹر، فارم مینیجر ACHD، راجباغ اور زین پورہ، ہارٹیکلچر انفارمیشن آفیسر اور دیگر ہارٹیکلچر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران ڈائریکٹر جنرل ہارٹیکلچر نے بتایا کہ مذکورہ فیسٹیول محکمہ میں اپنی نوعیت کا پہلا ہے اور ہارٹی ٹورازم کو فروغ دینے کا ایک اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کی مرکزی توجہ مختلف پھلوں کی نمائش، اعلیٰ معیار کے پودوں، ہائی ڈینسٹی ٹیکنالوجی، باغبانی کی مشینری، ثقافتی پروگرام وغیرہ ہوں گے۔زائرین کو مرکز کا دورہ کرنے اور مختلف پھلوں کی فصلوں کے خوبصورت کھلتے موسم کا مشاہدہ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ انہوں نے ایونٹ کے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر کوششیں کریں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ہارٹیکلچر نے عام لوگوں بالخصوص طلباء پر زور دیا کہ وہ اس تقریب میں شرکت کریں اور خود کو تروتازہ بنائیں۔










