weather

6اور7مار چ کیلئے تا زہ موسمی ایڈوائزری

سری نگر//جموں وکشمیرمیں گزشتہ کئی دنوں سے جاری دگرگوں موسمی صورتحال،جمعرات کی شام تازہ بارش او رمطلع مسلسل ابروآلودرہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے 6 اور 7 مارچ کو کپوارہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، بڈگام اور گاندربل کے الگ تھلگ مقامات پر بھاری برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا ہے کہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ در جے کی بارش متوقع ہے اور اوپری علاقوں وبالائی مقامات پر درمیانی اور ا چھی برف باری ہونے کاامکان ہے۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیر وادی ،خطہ پیرپنچال ،وادی چناب اورجموں صوبے کے دیگرعلاقوںمیں جمعہ کے روز بھی مطلع عمومی طورپرابروآلود رہاجبکہ جمعرات کی شام وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں سے سردی بڑھ گئی ۔جمعرات کوسری نگرسمیت شمالی ،وسطی اورجنوبی کشمیرکے کئی علاقوں میں بارشوںکاسلسلہ شروع ہوگیا،اوررات دیر گئے تک وقفے وقفے سے بارشیں ہوتی رہیں۔محکمہ موسمیات نے جمعہ کی صبح کہاکہ جموں و کشمیر اور لداخ کے کئی علاقوںمیں جمعرات کی شام اوردوران شب تازہ بارش اور برف باری ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران درمیانے سے بھاری بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمہ کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر اورمرکزی زیرانتظام علاقہ لداخ میں درمیانی سے بھاری برفباری اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ایک تازہ ڈبلیو ڈی (ویسٹرن ڈسٹربنس)6 مارچ سے7 مارچ تک جموں و کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں موسمی صورتحال کو متاثر کرسکتی ہے،جس کے نتیجے میں میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور کشمیروادی کے بالائی علاقوں نیز لداخ میں درمیانی سے بھاری برفباری کا امکان ہے جبکہ 8مارچ تک موسم خراب رہنے کاامکان بھی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سسٹم کی اہم سرگرمی ممکنہ طور پر کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، بڈگام اور گاندربل کے اونچے علاقوں پر مرکوز رہے گی اور مذکورہ 5اضلاع کے الگ تھلگ مقامات پر بھاری برف باری کے امکانات ہیں۔اس دوران محکمہ موسمیات نے جانکاری فراہم کی کہ جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات سری نگر میںکم سے کم درجہ حرارت 4.8، پہلگام میں صفر اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈر یکارڈکیاگیا۔