اننت ناگ//صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے زیبہ آپا اِنسٹی چیوٹ آف انکلو سیو ایجوکیشن ( ایڈ اے آئی آئی اِی) بیج بہاڑہ کا دورہ کیا اور سکولی طلباء اور عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ہیومنٹی ویلفیئر آرگنائزیشن ہیلپ لائن بیج بہاڑہ کے زیر اہتمام چلنے والا اِدارہ جاوید احمد ٹاک نے قائم کیا ہے جنہیں حال ہی میں صدر جمہوریہ ہند نے پدم شری سے نوازا ہے۔سکول میں جنوبی کشمیر کے تقریباً 120 جسمانی طور خاص بچے داخل ہیں ۔ صوبائی کمشنر نے اَساتذہ اور سکول کے بانی کے کردار کو سراہا۔ اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اِدارے کی ہرطرح مدد کریں۔ زمین کے ایک ٹکڑے کی بھی نشاندہی کی گئی جو جسمانی طور خاص بچوں کے لئے کھیلوں کے سپیشل آلات سے لیس ہوگی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اننت ناگ اور تحصیل دار بیج بہاڑہ نے صوبائی کمشنر کشمیر کو جانکاری دی کہ ضلع میں تمام سکول بڑے جوش و خروش کے ساتھ دوبارہ کھل گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سکولی تعلیم نے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے مناسب اِنتظامات کئے ہیں کہ تمام تعلیمی اِداروں میں سماجی دور اور کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) پر عمل کیا جائے۔صوبائی کمشنر نے ڈی سی آفس اننت ناگ کا دورہ کیا اور زیر تعمیر دفتر کی نئی عمارت کا جائزہ لیا ۔اُنہوں نے متعلقہ اِنتظامی اِداروں کو ہدایت دی کہ نئی عمارت کی تکمیل میں تیزی لائی جائے۔










