بھردواج نے جموں میں ڈسٹری بیوشن ہاؤس اور جن آشودھی کیندر کا افتتاح کیا

جموں//صحت اور طبی تعلیم کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری وویک بھردواج نے ملک بھر میں منائے جانے والے جن آشودھی دیوس کی ہفتہ بھر کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر ڈسٹری بیوشن ہاؤس کم جن آشودھی کیندر کا افتتاح کیا ۔ یکم مارچ سے شروع ہونے والی اور 7 مارچ کو اختتام پذیر ہونے والی ہفتہ بھر کی تقریبات کا مقصد پردھان منتری بھارتیہ جن آشودھی پریوجنا کی قومی بردار اسکیم کے تحت دستیاب جن آشودھی ادویات کے فوائد کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے ۔ اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفئیر جموں ، اسٹیٹ ڈرگس کنٹرولر جے اینڈ کے ، اسسٹنٹ ڈرگس کنٹرولر جموں ، نوڈل آفیسر ، پی ایم بی آئی ( فارما سیوٹیکل اینڈ میڈیکل ڈیوائسز، بیورو آف انڈیا ) ، مختلف سرکردہ شہری اور اسٹیک ہولڈرز بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ اس فلیگ شپ سکیم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ غریب اور عام لوگوں کو کم قیمت پر سستی معیاری ادویات تک رسائی حاصل ہو ۔ مسٹر بھردواج نے مزید کہا کہ حکومت نے صحت عامہ کے اداروں میں پردھان منتری بھارتیہ جن آشودھی کیندر ( پی ایم بی جے کے ایس ) کی تعداد میں اضافہ کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے تا کہ معیاری جنرک ادویات سب کو سستی قیمتوں پر فراہم کی جا سکیں اور اس تناظر میں تمام ضروری اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں ۔ پرنسپل جی ایم سی جموں ڈاکٹر ششی سوڈان اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفئیر ، ڈاکٹر سلیم الرحمان نے پی ایم بی جے اے وائی اسکیم کے فوائد کو بیان کیا ۔ ریاستی ڈرگس کنٹرولر ( نوڈل آفیسر پی ایم بی جے اے وائی ، جے اینڈ کے ) محترمہ لوتیکا کھجوریہ نے حکومت کے اقدامات کے بارے میں بتایا ۔ اس موقع پر پی ایم بی جے وائی کے کوارڈینیٹر رفعت نذیر اور اسسٹنٹ ڈرگس کنٹرولر جموں محمد اقبال نے بھی خطاب کیا ۔