سری نگر//جمعہ کی صبح ایک بڑا سانحہ ٹل گیا کیونکہ جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہااُترپردیش کے شہر وارانسی میں ایک کار حادثے میں بال بال بچ گئے۔جے کے این ایس کے مطابق میڈیارپورٹس میں بتایاگیاکہ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہاجمعہ کی صبح وارانسی سے اپنے آبائی شہر غازی پور جا رہے تھے۔اورراستے میں ان کی کار راج گھاٹ پل (مالویہ پل) کی ڈھلوان پر نصب لوہے کے ستون سے ٹکرا گئی۔اس ٹکر کے نتیجے میں کار کی بائیں جانب کو نقصان پہنچا اور گاڑی کا ایک پہیہ بھی پنکچر ہوگیا۔اسٹاپ پکٹ پر تعینات پولیس اہلکار فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ مغل سرائے انسپکٹر برجیش تیواری اورسی او انل رائے بھی موقع پر پہنچ گئے۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کو دوسری گاڑی میں منزل کی طرف روانہ کیا گیا۔ اس دوران کچھ دیر افراتفری کی صورتحال رہی۔رام نگر پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر اشونی پانڈے نے میڈیا کو بتایا کہ اس حادثے میں کسی کو چوٹ نہیں آئی۔بتایاجاتاہے کہ جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر اورسابق مرکزی وزیرمملکت برائے ریلوے منوج سنہا جمعہ کو غازی پور کے زمانیہ، محمد آباد سمیت مختلف اسمبلی حلقوں میں طے شدہ پروگراموں میں شرکت کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق منوج سنہا2016 میں یوپی اُترپردیش ایک سڑک حادثے میں زخمی ہو گئے تھے جب وہ مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے تھے۔










