جموں//اِنتظامی کونسل کی میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میںمحکمہ ریونیو کی جانب سے زمین کے مختلف پارسلوں کو عوامی مقاصد کے لئے منتقل کرنے کی تجویز کو منظوری دی ۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان ، مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے شرکت کی۔اِنتظامی کونسل نے ضلع کولگام کے گائوں فرسل میں ایک نئے سرکاری ڈگری کالج کی تعمیر کے لئے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حق میں 63کنال 4مرلہ اراضی کی منتقلی کو منظوری دی۔اِس فیصلے کا مقصد علاقے کے طلاب کو اعلیٰ تعلیم کے معیاری مواقع فراہم کرنا اور مختلف بھرتی ایجنسیوں کے ذریعے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے روزگار کو بڑھانا ہے۔مزید یہ کہ ضلع پلوامہ کے جواہر پورہ میں ہیلتھ سینٹر کی تعمیر کے لئے محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے حق میں 2کنال اور 5مرلہ اراضی کی منتقلی کی منظوری دی گئی ۔ یہ اِدارہ مکمل ہونے کے بعد علاقے کے لوگوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا۔اِنتظامی کونسل نے ضلع پلوامہ کے گائوں ملا واری میں نیوا میں پولیس چوکی تعمیر کے لئے محکمہ ریونیو کے حق میں 5کنال اراضی منتقلی کی مزید منظور ی دی ۔مقامی علاقے میں نئی پولیس چوکی غیر قانونی سرگرمیوں ، سیکورٹی سے متعلق واقعات پر نظر رکھے گی اور پولیس کو کسی بھی اَمن و اَمان کی صورتحال اور آفاتِ سماوی کا بروقت جواب دینے کی اِجازت دے گی۔ضلع کٹھوعہ کی تحصیل مہان پور کے گائوں ڈمبرامیں واقع 148 کنال اراضی کا ایک اور پارسل محکمہ جیل خانہ جات کے حق میں ضلع میں ہائی سیکورٹی جیل کی تعمیر کے ساتھ ساتھ گائوں ڈمبرا میں واقع 160 کنال 4مرلہ ریاستی اراضی کی منتقلی تحصیل مہان پور، ضلع کٹھوعہ کو شاملات دیہہ (محفوظ کچہری) کے بدلے میں ہائی سیکورٹی جیل کے لئے تجویز کردہ زمین کے ساتھ منتقل کیا گیا۔ غداری اور باغی مجرموں کے قیام کے لئے ہائی سیکورٹی جیل کی تعمیر کا مقصد خطے کی سیکورٹی کی ضروریات کو پورا کرنا اور قومی سلامتی کو مضبوط بنانا ہے










