نوین چودھری نے اوڑی کا دورہ کیا ، مجموعی ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لیا

نوین چودھری نے اوڑی کا دورہ کیا ، مجموعی ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لیا

بارہمولہ//زراعت کی پیداوار اور کسانوں کی بہبود کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال کے ہمراہ آج اوڑی بارہمولہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ضلع بالخصوص سب ڈویژن اوڑی میں ترقیاتی منظر نامے کا تفصیلی جائیزہ لیا اس کے علاوہ باغبانی ، زراعت اور دیگر ضروری محکموں کی سیکٹر وار کارکردگی کا جائیزہ لیا ۔ اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ بہتر معاوضہ حاصل کرنے کے لئے زرعی اور باغبانی پیداوار کی قیمت میں اضافہ ہی واحد قابل عمل آپشن ہے ، نوین کمار چودھری نے کہا کہ زراعت میں صنعت کاری کو فروغ دینے اور زیادہ سے زیادہ رقبہ کو کوور کرنے کیلئے متعدد حکمت عملی کے تحت وادی کشمیر میں سبزیوں کی کاشت ہائی ٹیک اور درست کاشتکاری کے طریقوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے اس کا اظہار شیری بارہمولہ میں ایچ آئی ٹیک پولی گرین ہاوس کا سنگِ بنیاد رکھنے کے دوران کیا جو کہ مستفید ہونے والوں کو رعائتی قیمت پر ملا ہے ۔ کسانوں اور پُر جوش کاشتکاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ کثیر فصلوں کی کاشت کیلئے مشن موڈ میں ہے تا کہ جدید سائنسی ٹیکنالوجی کو اپنانے کے ساتھ کسانوں کیلئے منافع بخش پیداوار کو بڑھایا جا سکے ۔ انہوں نے کاشتکاروں سے زرعی اور باغبانی کے کام کو ہموار کرنے کیلئے فراہم کی جانے والی مختلف محکمانہ مراعات کے حوالے سے بھی رائے لی ۔ دریں اثنا پرنسپل سیکرٹری نے فارم مشینری ویز ٹریکٹر ، ٹلر اور دیگر کاشتکاری کے اوزار رعائتی قیمت پر کسانوں کو سونپے تا کہ انہیں آسانی سے کام کرنے میں مدد مل سکے ۔ بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے اوڑی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پی آر آئیز اور دیگر مختلف وفود کے ساتھ ایک باہمی میٹنگ کی صدارت کی جس کا مقصد ترقیاتی کاموں سے متعلق ان کے خدشات کا جائیزہ لینا تھا ۔ پی آر آئیز اور دیگر وفود نے کئی شکایات اور مطالبات کو اجاگر کیا اور نچلی سطح پر ترقی کے ہدف کو پورا کرنے کیلئے ان کا بروقت ازالہ کرنے کی کوشش کی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے تمام مطالبات اور شکایات کو بغور سُنا اور یقین دلایا کہ ان کے تمام ترقیاتی خدشات کو ان کے بروقت ازالے کیلئے زیر غور لایا جائے گا ۔ مزید براں نوین چودھری نے افسران کے ساتھ ایک الگ میٹنگ بھی منعقد کی جہاں انہوں نے ضلع میں مختلف ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کی طرف سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کی رفتار اور پوزیشن کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ ترقیاتی پروجیکٹوں کا سیکٹر وار اور جامع جائیزہ لینے کے بعد پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے مقرر کردہ ٹائم لائینز کی سختی سے پابندی کریں ۔