3 فروری کو کافی حد تک ہلکی بارش اور برف باری کا امکان:محکمہ موسمیات
سری نگر//21دسمبر2021کوشروع ہونے والا40روز پرمحیط شاہنشاہ زمستان’چلہ کلان‘اپنی معیاد مکمل کرکے سوموار کورات کے12بجے رُخصت پزیر ہوگا۔آخری روز دن کودھوپ چھائوںکاکھیل جاری رہنے کے بیچ اتوار اورسوموار کی درمیانی رات کشمیروادی میں درجہ حرارت مجموعی طورپرمستحکم رہا۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے آج یعنی یکم فروری کو ہلکی بارش اور برف باری ہونے کی پیش گوئی کے درمیان، پیرکے روز کشمیر وادی میں موسم خشک رہا۔دن کے وقت دھوپ نکلنے کی وجہ سے سردی کی شدت میں کمی محسوس کی گئی ۔دھوپ کے وقت پبلک پارکوںمیں اورگھروںکے باہر کھلی جگہوںپرلوگ دھوپ کامزہ لیتے رہے ۔ اتوار اورسوموار کی درمیانی رات وادی کشمیر میں حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں اتوار اورسوموار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی2.3 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ انہوں نے کہا کہ گلمرگ میں اتوار اورسوموار کی درمیانی راتکم سے کم درجہ حرارت منفی6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن قاضی گنڈ میں اتوار اورسوموار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے مشہور تفریحی مقام پہلگام میںاتوار اورسوموار کی درمیانی رات گزشتہ رات منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔خیال رہے جہاں 21 دسمبر سے شروع ہونے والا 40 دن کا سب سے سخت موسم سرما کا ’چلہ کلاں‘ختم ہو چکا ہے، وہیں آج یعنی یکم فروری سے کشمیر 20 دن طویل’چلہ خورد‘کی گرفت میں رہے گا،جس کے بعد 10 دن طویل ’چلہ بچہ‘ جاری رہے گا،اوریوں 2مارچ کوموسم سرماعملاًختم ہوجائیگا۔خیال رہے امسال فروری کامہینہ28دنوں کاہی ہوگا۔دریں اثناء سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات نے سوموار کی صبح کہاکہ 31جنوری کی شام اور یکم فروری کو کشمیرمیں بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے اور 3 فروری کو کافی حد تک ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ذمہ دار نے مزید کہاکہ مجموعی طور پر، موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ فروری کے پہلے ہفتے تک کسی خراب موسم کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔










