lalchowk 26 january 2022

30سال بعد لالچوک میں یوم جمہوریہ تقریب منعقد

سری نگر//بی جے پی کے بزرگ رہنما مرلی منوہر جوشی کی جانب سے پہلی بار 30سال قبل سال سری نگرکے تاریخی لال چوک میں ترنگالہرانے کے بعدبدھ کے روز یوم جمہوریہ2022کے موقعہ پر لال چوک میں واقع گھنٹہ گھرپر قومی پرچم لہرایا گیا۔جے کے این ایس کے مطابق سماجی کارکن ساجد یوسف شاہ اور ساحل بشیر بٹ نے درجنوں حامیوں کے ساتھ گھنٹہ گھر کے دامنے یوم جمہوریہ کی ایک منفردتقریب کااہتمام کیا،جس دوران گھنٹہ گھرپرقومی پرچم ترنگالہرایاگیا۔قومی ترانے کے دوران گھنٹہ گھر لالچوک کے اوپر قومی پرچم لگانے کے لئے ہائیڈرولک کرین لفٹ کا استعمال کیاگیا۔ تقریب میں کشمیر مارشل آرٹس اکیڈمی کے نوجوان کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔شرکاء نے حب الوطنی کے گیتوں پر رقص کیا جبکہ ہوم گارڈس اوراین سی سی کیڈٹس نے اس تقریب میں شرکت کیااوراس تقریب کے پُرامن انعقاد کویقینی بنانے کیلئے لالچکوک میں پولیس اور نیم فوجی دستے پہرے دے رہے تھے۔خیال رہے بی جے پی کے سینئر لیڈر مرلی منوہر جوشی نے1992 میں وادی میں ملی ٹنسی کے عروج پر لال چوک پر قومی پرچم لہرایا تھا۔ شہر کے دیگر مقامات پر، ہزاروں ترنگوں نے یوم جمہوریہ کے موقع پر پرتاپ پارک اور اقبال پارک سمیت کئی عوامی پارکوں کا منظر پیش کیا۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ شہر میں اتنی بڑی تعداد میں قومی پرچم نصب کیا گیا ہے۔