سری نگر//راجوری میں سیلابی ریلے میں ایک معمر خاتون غرقآب ہوئی جبکہ بیٹی کی تلاش وسیع پیمانے پر شروع کی گئی ہے۔ کے این ایس کے مطابق چٹیاری راجوری میں کھیت میں کام کرنے کے دوران سیلابی ریلا آیا اور دونوں ماں بیٹی کو اپنے ساتھ بہا لے گیا۔ 30ستمبر اور یکم اکتوبر کی درمیانی شب چٹیاری میں نالہ میں سیلابی ریلا آگیا اور 60سالہ گلزار بی زوجہ محمد اکبراور اس کی بیٹی40سالہ مقصودہ بیگم پانی کے تیز بہائو میں بہہ گئیں۔ مذکورہ ماں بیٹی کے سیلابی ریلے میں بہنے کی خبر ملتے ہی پولیس ٹیم جائے واقعہ پر پہنچ گئی اور دونوں کو تلاش کرنے کی کارروائی شروع کی۔ ایڈیشنل ایس پی راجوری وویک شیکھر شرما کاکہنا ہے کہ دونوں خواتین کو تلاش کرنے کی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کئی گھنٹوں کی سخت تلاش کے بعد 60سالہ گلزار بی کی لاش برآمد کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ مقصودہ بیگم کو بھی تلاش کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی جاری ہے۔










