سرینگر //شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں کھارپورہ میںسڑکوں کی حالت ناگفتہ بہہ ہونے سے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ اگر سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی تو موسم سرما میں ان کا گھروں سے نکلنا ناممکن بن جائیگا۔ کھارپورہ ، چک، گنڈہ بال، گلاب باغ، ہاری پورہ میں رہائش پذیر لوگوںنے کے این ایس نمائندے کو بتایا کہ دورِجدید میں بھی وہ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور جیسے وہ قدیم زمانہ میں زندگی گزار رہے ہیں۔ مقامی لوگوںنے نمائندے کو بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں سڑکوں پر میگڈم بچھانے کیلئے پروجیکٹ کو ہاتھ میں لیا گیا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر اسے بالائے طاق رکھا گیا ہے۔ لوگوںنے کہاکہ سڑکوں کی مرمت اور میگڈم بچھانے کیلئے کوئی عملی کارروائی نہیں کی جارہی ہے حالانکہ وہ متعلقہ محکمہ کے ایگزن کے پاس بھی گئے لیکن عوامی مشکلات کو حل کرنے کیلئے نہ تو کوئی یقین دہانی دی گئی اور نہ ہی کوئی غور کیاگیا۔ مقامی لوگوںنے کہاکہ اب سردیاں آنے والی ہیں جس کے دوران یہاں درپیش مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا ہے۔ لوگوں نے کہاکہ وہ کدھے جائیں، ہمارے لئے جیسے کوئی سرکار نہیں ہے ، ہم مصیبت میں ہیں، ہم پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر ہے اور بارشوں یا برفباری میں ان خستہ حال سڑکوں پر چلنا ناممکن بن جاتا ہے۔ لوگوںنے کہاکہ خواتین کو باغ میں جانا پڑتا ہے، گھاس لانا پڑتا ہے لیکن سڑکوں پر موجود گہرے کھڈوں کے سبب ان کے پائوں ٹک نہیں پاتے ہیں اور ہمیشہ یہ ڈر لگا رہتا ہے کہ کہیں وہ گر کر زخمی نہ ہوجائیں۔ مقامی لوگوںنے کہاکہ ٹرانسپورٹروں کو بھی گاڑیاں چلانا ان علاقوں میں جوئے شیر لانے کے مترادف ہے اور اگر ڈھلان پر گاڑی کو چڑھنا ہوتا ہے تو مسافروں کو پہلے گاڑی سے اتارا جاتا ہے ۔ لوگوںنے ضلع اور لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ برفباری ہونے سے قبل ہی ان خستہ حال سڑکوں کی مرمت کی جائے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔










