سری نگر//سیکرٹری قبائلی امور اور سی اِی او مشن یوتھ جموں و کشمیر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے وپرو فاؤنڈیشن کے سینئر نمائندوں کے ساتھ ایک استفساری میٹنگ منعقد کی جس میں جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی شمولیت اور آئوٹ ریچ پروگراموں کے بارے میں غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر قبائلی اَمور ، ڈپٹی ڈائریکٹر مشن یوتھ جے اینڈ کے ، وپرو فائونڈیشن کے سینئر نمائندوں اور مشن یوتھ اور دیگر متعلقہ محکموں کے اَفسران نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر سی اِی او مشن یوتھ نے اَپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کی فعال شرکت سے نئے جموںوکشمیر کے خواب کو حقیقی معنوںمیں پورا کرنے کے لئے مشن یوتھ کے اِقدامات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مشن یوتھ ایک خصوصی آرگنائزیشن ہے جو نوجوانوں کے بااِختیار اور ترقی کے لئے مختلف سرکاری اور غیر سرکاری آرگنائزیشنوں کی کوششوں میں ہم آہنگی اور اِفادیت لائے گی۔ڈاکٹر شاہد اِقبا ل چودھری نے کہا کہ وہ نوجوانوں کے لئے ایسا ماحول تیا ر کرنا ہے جو نوجوانوں کی اُمیدوں اور اُمنگوں پر پورا اُترے گا ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مشن مختلف شعبوں میں مربوط اور اَپنی مرضی کے مطابق مداخلتوں سے نوجوانوں کو مثبت انداز میں شامل کرے گا۔اِس موقعہ پر وِپرو فائو نڈیشن کی جانب سے پریا وردا رجن نے مشن یوتھ کے ساتھ شراکت کے لئے خصوصی وابستگی کا اِظہار کیا جس کی بنیاد پر اِقدامات کو کامیابی کے ساتھ اَنجام دینا ہے ۔ اِس آرگنائزیشن نے معاش ، تعلیم اور ہنر کی ترقی ، مالی مدد ، کھیلوں کی سرگرمیوں اور تفریحی شعبوں میں مربوط اور اَپنی مرضی کے مطابق مداخلتوں سے مشن یوتھ کے اِقدامات کی تکمیل کے لئے دِلچسپی کا اِظہار کیا۔










