ga mir

غلام احمد میر نے سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سے کیملاقات

سرینگر //کانگریس نے جموںوکشمیرکے عوام کو درپیش مشکلات اوربڑھتی بے روزگاری پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے لوگوں کوکسی بھی صورتحال میں تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیر پردیش کانگریس صدر غلام احمد میر نے نئی دہلی میں کانگریس صدرسونیا گاندھی اور راہل گاندھی سے ملاقات کرکے یوٹی کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ سنیچر کو غلام احمد میر نے سونیا گاندھی اور سابق کانگریس صدر راہل گاندھی سے ملاقات کے دوران انہیں جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں مفصل جانکاری فراہم کی۔ غلام احمد میر نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو کشمیر اور جموں میں تنظیمی امور اور سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کی سیاسی و سماجی پیش رفت، لوگوں کو درپیش متعدد معاملات اور خاص کربے روزگاری میں اضافہ، لاک ڈائون کے بعد معاشی نقصان، ترقیاتی عمل کے فقدان اور عوامی اہمیت کے دیگر مسائل پر تفصیلی گفت و شنید ہوئی۔ انہوںنے عوامی حکومت کی عدم موجودگی کے باعث لوگوں اور موجودہ حکومت کے مابین منقطع رابطے اور درپیش مشکلات اور جموںو کشمیر میں حد بندی کمیشن کے حالیہ دورے کے بارے میں بھی سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کو جانکاری دی۔ پردیش کانگریس صدر نے تنظیمی امور کے جنرل سیکریٹری کے سی وینگوپال، سابق وزیرا علیٰ غلام نبی آزاد اور سینئر پارٹی لیڈر امبیکا سونی اور دیگر لیڈران سے ملاقات کرکے عوامی اہمیت کے حامل معاملات پر مفصل غوروخوض کیا۔ پارٹی لیڈرشپ نے عوام کو درپیش مشکلات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے جموںوکشمیر کے لوگوں کو کسی بھی حالات میں مکمل تعاون دینے کی یقین دہانی دی۔