لداخ میں پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس

سرینگر//یوٹی لداخ کے مختلف علاقوں میں اتوار کی صبح اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ متعلقہ حکام کے مطابق زلزلے کی شدت 3.7تھی تاہم کسی بھی جگہ سے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیںہوئی ۔نمائندے نے لداخ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کی صبح لداخ کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کی ویب سائٹ کے مطابق اتور کی صبح دس بجکر آٹھ منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ زلزلے کا مرکز لیہہ میں تھا۔معلوم ہوا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں سے کسی بھی جگہ سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے تاہم آخری اطلاعات ملنے تک تمام علاقوں کی تفصیل معلوم کی جارہی تھیں ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر اور لداخ کے علاقوں میں آئے روز زلزلے کے جھٹکے محسوس ہو رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر اور لداخ زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک پانچ اور چار زون میں آتے ہیں۔