سری نگر میں محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین کا احتجاج

سری نگر//محکمہ جل شکتی (پی ایچ ای) کے عارضی ملازمین نے ‘کشمیر پی ایچ ای جوائنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن’ کے بینر تلے ہفتے کو یہاں پریس کالونی میں آ کر تنخواہوں کی بروقت واگزاری کے حق میں احتجاج کیا۔احتجاجی ملازمین محکمے کے چیف انجینئر کے خلاف بھی نعرے بازی کر رہے تھے جو بقول ان کے عارضی ملازمین کے ساتھ نا انصافی کرتے ہیں۔انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ‘عارضی ملازمین کے ساتھ انصاف کرو‘، ‘چیف انجینئر کو ہٹائو پی ایچ ای کو بچائو’، ‘غریب ملازمین کی آواز دبانا منظور نہیں منظور نہیں‘ جیسے نعرے درج تھے۔اس موقع پر ایک احتجاجی ملازم نے نامہ نگاروں کو بتایا: ‘ہم محکمہ پی ایچ ای میں بحیثیت ڈیلی ویجر کام کر رہے ہیں۔ ہمیں دن رات کام کرنے کے باوجود تنخواہ نہیں دی جاتی ہے۔احتجاجی ملازمین نے چیف انجینئر پی ایچ ای پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چیف انجینئر اپنی نا قابلیت اور ناکامی کو چھپانے کے لیے ڈیلی ویجرس و کیجول لیبرس کو بلی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘عارضی ملازمین کی واجب الادا تنخواہ کو روک کر اور مظلوم ملازمین کو بے بنیاد کیسوں میں پھنسا کر ڈیلی ویجرس و کیجول لیبرس کو مشتعل کرنے کی کوشش کر کے سڑکوں کا رخ کرنے پر مجبور کر رہے ہیں تاکہ اصل مسئلے سے سرکار کی توجہ ہٹائی جائے۔احتجاجی ملازمین نے الزام لگایا کہ چیف انجینئر نے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت سرکاری حکم نامہ اور عدالت عظمیٰ کے احکامات کی دھجیاں اڑائیں اور منظور نظر افراد کو فائدہ پہنچانے کے لیے اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کیا ہے۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ ایسے افسران کو تبدیل کر کے محکمہ پی ایچ ای اور غریب ڈیلی ویجرس و کیجول لیبرس کو بچایا جائے اور ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ تمام حقائق سے پردہ اٹھا کر عوام کے سامنے لایا جائے۔