گریز فیسٹول شروع:گریز میں سیاحوں کیلئے سیاحت کی بڑی صلاحیت موجود ہے:صوبائی کمشنر کشمیر

گریز// اَپنی تمام تفریحی اور مہم جوئی صلاحیتوں کے لئے وادی گریز میں’’جشنِ گریز‘‘ کا تہوار شروع ہوا۔اِس تہوار کا آغاز صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے کیا ہے ۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد اورناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو ، سینئر پولیس اور فوجی اَفسران ، پی آر آئی ممبران، سیاحوں اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر نے اَپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کشمیر میں دیگر سیاحتی مقامات کے مساوی طور پر گریز کو ترقی دینے کا اَرادہ رکھتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ وادی گریز میں سیاحوں کو راغب کرنے کی بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے جس کو فروغ دینے کی اشد ضرور ت ہے۔صوبائی کمشنر نے گریز کے نوجوانوں کو آگے آنے کی اپیل کی او راَپنے سیاحتی یونٹ قائم کرنے سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔اِس سے قبل اِپنے کلیدی خطبے میں ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ محکمہ پہلے ہی گریز کواپنی تشہیری ایجنڈے میں رکھ چکا ہے اور موجودہ میلے کا انعقاد اس تشہیری مہم کا ایک حصہ ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ میلے کا کامیاب اِنعقاد محکمہ سیاحت، ضلعی اِنتظامیہ ، پولیس اور فوج کے مابین قریبی رابطہ کا نتیجہ ہے ۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی تال میل کے ساتھ گریز ایک پسندیدہ سیاحتی مقام بن جائے گا۔میلے کے دوران کار ریلی ، ٹریکنگ ، میراتھن ، سائیکلنگ ، مصوری مقابلہ ، سیلف ڈیفنس ، کبڈی جیسے مقامی کھیلوں کے علاوہ ثقافتی پروگرام منعقد ہو رہے ہیں۔اِفتتاحی سیشن کے دوران لگ بھگ 15 محکموں نے مصنوعات کی نمائش کے لئے اَپنے سٹال لگائے ہیں۔ مقامی ہوٹل مالکان نے اپنی خدمات کی نمائش کرنے کے لئے سٹال لگائے ہیں جن میں ذائقوں سے بھرا ضیافتیں بھی شامل تھیں۔میلے میں مختلف مقامی گروپوں کی طرف سے بالخصوص شینا ، دردی ، پہاڑی اور دیگر مقامی زبانوں میں ثقافتی اشیاء کی پیش کش تھی۔میلے میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں اور بہت سارے سیاحوں نے سٹالوں کا دورہ کیا اور نمائش میں رکھی گئی مقامی مصنوعات میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔اس سے قبل اُن کی آمد پر صوبائی کمشنر کشمیر کا روایتی استقبال کیا گیا۔ اس نے میراتھن کے لئے طلباء کے ایک دستے کو ہری جھنڈا دکھا کر روانہ کیا۔ انہوں نے سیاحتی صلاحیت ، تفریحی مقامات اور اس جگہ کے بارے میں اہم معلومات کو پیش کرتے ہوئے ایک کتابچہ بھی جاری کیا۔ انہوں نے ان نوجوانوں میں سر ٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے جنہیں مقامی آئی ٹی آئی میں مہمان نوازی کے مختلف انٹرپرینیور شپ میں تربیت حاصل کی تھی۔گزشتہ شام ٹی آر سی داور میں ایک ثقافتی پروگرام کا اِنعقاد کیا گیا جس میں مقامی نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جس کو موجود ناظرین اور سامعین سیاحوں نے کافی سراہا ۔ اِس موقعہ پر بہترین اَدا کاری کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں کو اعزاز سے نوازا گیا۔میلے کے موقعہ پر ناظم سیاحت کشمیر نے مقامی شراکت داروں اور نوجوانوں کے متعدد نمائندوں سے ملاقات کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ سیاحت کی اِکائیوں کے قیام کے لئے محکمہ کی طرف سے فراہم کردہ مراعات سے فائدہ اُٹھائے۔اُنہوں نے محکمہ کی طرف سے انہیں ہر ممکن مدد اور ہینڈ ہولڈنگ کی یقین دہانی کرائی۔