کرناہ ٹنگڈار کی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل

سرینگر / /سرحدی علاقہ ٹنگڈار کی بیشتر سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوئی ہیںاوران کی حالت انتہائی خستہ ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس نمائندہ طفیل احمد کو بتایا کہ نیچان سے ٹنگڈارتک رابطہ سڑک جودرجنوں دیہات بشمول حاجی ناڑ اور باغ بیلا کے بیچوں بیچ گذرتی ہے کی حالت ناگفتہ بہہ ہے اور باغ بیلا سے جبڑی کے علاوہ چھم کوٹ کی سڑکیں جو خستہ حال ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں اس سڑک پر لوگوں کا زیادہ عبور ومروررہتا ہے کیونکہ مذکورہ سڑک کی مسافت مین سڑک سے بالکل کم ہے لیکن مذکورہ سڑک اہمیت کی حامل ہونے کے بعد بھی متعلقہ محکمہ کی نظروں سے اوجھل ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقہ کی سڑکوں میں ایسے کھڈ اور خندق ہیں کہ لوگوں کا عبور ومرور مشکل بن گیا ہے ۔جبکہ گاڑیوں کی آمد ورفت کے دوران ڈرائیوروں کو کافی دشواریوں سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقہ ہذا کے تعلیم یافتہ نوجوانوں نے خود روز گار کی تلاش میں بنکوں سے قرضہ لیکر گاڑیاں نکالیں۔لیکن سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث ان کی گاڑیوں کے پُرزے آئے روز خراب ہوتے جاتے ہیں جس سے ان پر خرچہ آجاتا ہے اور وہ کمانے کے بجائے خسارہ کے شکار ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف وہ قرضہ کی ادائیگی کی کوشش کررہے ہیں لیکن دوسری طرف سڑک کی خستہ حالی سے ان کی تمام کوششیں ناکام ہوجاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ سڑکوں کی ناگفتہ بہہ حالت کے باعث ہر وقت چھوٹی بڑی گاڑیاں ہچکولے کھاتی رہتی ہیں جس سے حادثات پیش آنے کے خطرات رہتے ہیں اور اب تک کئی حادثات پیش آئے بھی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقہ کے لوگ تحصیل ہیڈ کواٹر تک پہنچ کرہی خریدوفروخت کرتے ہیں اور اسی سڑک سے نکل کرمحنت ومزدوری کے ٹھکانوں پر بھی پہنچ سکتے ہیں لیکن سڑک کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے ان کو متعین جگہوں پر مقررہ وقت پر پہنچنے میں کافی دقعتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقہ کی سڑکیں تین تعمیراتی ایجنسیوں بشمول پی ایم جی وائی ایس ،آر اینڈ بی اور بیکن کی زیر نگرانی میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ آجکل میکڈمائزیشن ہر جگہ پر جاری ہے ۔اس سلسلے میں انہوںنے متعلقہ حکام او ر گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاقہ کی تمام خستہ حال سڑکوں کی تجدید ومرمت اور میکڈمائزیشن کیلئے فوری طور ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ اس خوشگوار اور گرمی کے موسم میں ہی میکڈمائزیشن کرنا مفید ثابت ہوجاتا ہے تاکہ لوگوں کے مشکلات کاازالہ ہوسکے ۔