انڈیا بلاک کی اہم میٹنگ ، حد بندی بل کےخلاف مشترکہ حکمت عملی پر غور و خوض
سرینگر / این این بی // پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے قبل انڈیا بلاک کی اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران حد بندی بل کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق پارلیمنٹ کے 30 نومبر سے شروع ہونے والے خصوصی اجلاس سے قبل انڈیا بلاک کی مختلف اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماو ¿ں نے ہفتہ کے روز کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں دوبارہ آئینی ترمیمی بل پیش کیے جانے کے پیش نظر مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سابق کانگریس صدر راہل گاندھی، ترنمول کانگریس کے ابھیشیک بنرجی، آزاد رکن راجیہ سبھا کپل سبل، راشٹریہ جنتا دل کے ابھے کمار سنگھ اور منوج جھا، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے پی سندوش کمار، انڈین یونین مسلم لیگ کے ای ٹی محمد بشیر اور آر ایس پی کے این کے پریم چندرن سمیت متعدد رہنماو ¿ں نے شرکت کی۔اس کے علاوہ کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش، پرینکا گاندھی واڈرا اور کے سی وینوگوپال بھی اجلاس میں موجود تھے۔اطلاعات کے مطابق ڈی ایم کے، عام آدمی پارٹی اور بیجو جنتا دل جیسی انڈیا بلاک سے باہر یا اس سے وابستہ دیگر جماعتوں کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم ان جماعتوں نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد رکن راجیہ سبھا کپل سبل نے مجوزہ آئینی ترمیمی بل اور حلقہ بندی کے عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو قومی سطح پر اس کے ممکنہ اثرات کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے، کیونکہ اگر یہ بل منظور ہوتا ہے تو لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد بڑھ کر تقریباً 850 تک پہنچ سکتی ہے۔کپل سبل نے سوال اٹھایا کہ آیا 850 ارکان پر مشتمل ایوان کو مو ¿ثر طریقے سے چلانا ممکن ہوگا؟کپل سبل نے الزام لگایا کہ حکومت حد بندی کمیشن میں اپنی پسند کے افراد کو تعینات کرکے اتر پردیش، ہریانہ اور مہاراشٹر جیسی ریاستوں میں انتخابی حلقوں کی حدود اپنی سیاسی ترجیحات کے مطابق مقرر کر سکتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر لوک سبھا کی تعداد بڑھنے کے بعد حکمران جماعت کو دو تہائی اکثریت حاصل ہو جاتی ہے تو آئین میں بھی بڑی تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔خیال رہے کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس 30 نومبر سے شروع ہوگا۔ لوک سبھا کا اجلاس 30 نومبر جبکہ راجیہ سبھا کا اجلاس 2 دسمبر کو طلب کیا گیا ہے۔ سرکاری امور کی ضرورت کے مطابق دونوں ایوانوں کا اجلاس 3 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔حکومت پیر کے روز لوک سبھا میں آئین (132ویں ترمیم) بل 2026 پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس بل کا بنیادی مقصد خواتین کے لیے پارلیمنٹ اور ریاستی و مرکزی زیر انتظام علاقوں کی اسمبلیوں میں ایک تہائی نشستیں مخصوص کرنے کے عمل کو جلد نافذ کرنا ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 17 اپریل کو حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا آئینی ترمیمی بل لوک سبھا میں مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔










