سمندری راستوں کا تحفظ نہ صرف دفاعی اعتبار بلکہ اقتصادی ترقی کی بلارکاوٹ فراہمی کیلئے بھی اہم / درپدی مرمو
سرینگر / این این بی // سمندری سلامتی کو قومی سلامتی، اقتصادی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ سمندر میں بحری افسران کی خدمات براہِ راست ملک کے عوام کی سلامتی، خوشحالی اور روزمرہ زندگی سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سمندری راستوں کا تحفظ نہ صرف دفاعی اعتبار سے بلکہ عالمی تجارت، اقتصادی ترقی اور ضروری اشیائے خوردونوش کی بلارکاوٹ فراہمی کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔نیشنل نیو زبیورو ( این این بی ) کے مطابق کیرالہ کے کنور ضلع میں واقع انڈین نیول اکیڈمی، ایزی مالا میں خزاں مدت 2026 کی پاسنگ آو ¿ٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ درپدی مرمو نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرنے والے نئے بحری افسران کو مبارک باد پیش کی، جن میں ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے افسران اور دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے تربیت یافتہ اہلکار بھی شامل تھے۔دروپدی مرمو نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی باہم مربوط دنیا میں سمندری خطے کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے اور عالمی تجارت کا ایک بڑا حصہ سمندری راستوں کے ذریعے انجام پاتا ہے۔ ایسے میں بحری راستوں کی سلامتی کا تعلق براہِ راست مختلف ممالک کی اقتصادی خوشحالی اور ان کے عوام کی روزمرہ ضروریات سے ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سمندری راستوں پر جہازوں کی آمدورفت میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے ضروری اشیا کی ترسیل متاثر ہوسکتی ہے، تجارتی اخراجات میں اضافہ ہوسکتا ہے اور اس کا بوجھ بالآخر عام شہریوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔صدر جمہوریہ نے نئے بحری افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ اس حقیقت کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ سمندر میں ان کی ذمہ داریاں صرف بحری سرحدوں کی حفاظت تک محدود نہیں بلکہ ان کی خدمات ملک کے کروڑوں شہریوں کی زندگیوں، سلامتی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔صدر مرمو نے کہا کہ پاسنگ آو ¿ٹ ہونے والے افسران ایسے وقت میں ہندوستانی بحریہ میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات کا آغاز کر رہے ہیں جب ملک کی بحریہ ایک اہم تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے اور ہندوستان اپنی مسلح افواج کے ساتھ ساتھ سمندری دفاعی صلاحیتوں کو بھی مسلسل مضبوط بنا رہا ہے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ نئے افسران نہ صرف ہندوستانی بحریہ میں جاری تبدیلیوں اور جدید کاری کے عمل کا مشاہدہ کریں گے بلکہ وہ خود بھی اس کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ افسران اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، قومی خدمت کے جذبے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔دفاعی شعبے میں ہندوستان کی خود انحصاری کا ذکر کرتے ہوئے صدر دروپدی مرمو نے کہا کہ ملک کے مختلف شپ یارڈز میں بڑی تعداد میں جنگی جہازوں اور آبدوزوں کی تیاری جاری ہے۔ یہ پیش رفت دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے قومی عزم اور ہندوستانی انجینئروں، سائنس دانوں، ہنرمند کارکنوں اور صنعتی شعبے کی صلاحیتوں پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر جدید جنگی جہازوں اور آبدوزوں کی تیاری سے ہندوستان کی دفاعی صلاحیتوں کو تقویت مل رہی ہے اور ملک سمندری سلامتی کے میدان میں اپنی ضروریات پوری کرنے کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔ اس عمل میں ملکی صنعت، تکنیکی ماہرین اور نوجوان پیشہ ور افراد کا کردار نہایت اہم ہے۔دروپدی مرمو نے اس موقع پر کامیاب افسران کے والدین اور اہل خانہ کی قربانیوں اور تعاون کو بھی خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہر نوجوان افسر کی کامیابی کے پیچھے ایک ایسا خاندان ہوتا ہے جس نے اس کے خوابوں کی تکمیل کے لیے قربانیاں دی ہوتی ہیں، مشکل وقت میں حوصلہ افزائی کی ہوتی ہے اور مسلسل طاقت و اعتماد فراہم کیا ہوتا ہے۔صدر جمہوریہ نے نئے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت داری، نظم و ضبط، فرض شناسی اور قومی خدمت کے جذبے کو ہمیشہ مقدم رکھیں اور ملک کی سمندری حدود کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عوام کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری لگن سے انجام دیں۔










