اپوزیشن کو اختلاف کا پورا حق حاصل تاہم ایوان کی کارروائی جاری رہنی چاہیے / کرن رججو
سرینگر / این این بی // تمام ارکان پارلیمنٹ سے سوموار سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے چار روزہ اجلاس کو خوش اسلوبی اور نظم و ضبط کے ساتھ چلانے میں اپنا تعاون فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رججو واضح کیا کہ حکومت نے پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرنے کے سلسلے میں تمام مقررہ قواعد و ضوابط کی پاسداری کی ہے اور اس حوالے سے اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات درست نہیں ہیں۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کرن رججو نے کہا کہ اس مختصر اجلاس کے دوران کئی اہم بل اور سرکاری امور ایوان میں پیش کیے جائیں گے، جن پر ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے سنجیدہ اور بامقصد بحث کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے مختلف بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماو ¿ں سے بھی بات چیت کی ہے اور تمام جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پارلیمانی کارروائی کو بلارکاوٹ جاری رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔کرن رججو کا کہنا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ کو حکومت کے فیصلوں سے اتفاق یا اختلاف کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور انہیں اپنی آراء، تجاویز اور تحفظات ایوان میں پیش کرنے کی پوری آزادی ہے، تاہم اس مقصد کے لیے پارلیمانی قواعد اور روایات کی پابندی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوری نظام کا ایک اہم حصہ ہے، لیکن اس کے باوجود ایوان کی کارروائی جاری رہنی چاہیے تاکہ عوامی اہمیت کے معاملات پر قانون ساز ادارے میں بحث ہوسکے۔انہوں نے اپوزیشن کے اس اعتراض کو بھی مسترد کیا کہ حکومت نے خصوصی اجلاس طلب کرنے کے دوران پارلیمانی قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔ رجیجو نے سوال اٹھایا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس دوبارہ بلانا آخر غیر آئینی کیسے ہوسکتا ہے؟ انہوں نے وضاحت کی کہ ماضی میں بھی ایسی مثالیں موجود ہیں جب پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے کے باوجود اجلاس کو باضابطہ طور پر غیر مو ¿ثر قرار دیے بغیر دوبارہ طلب کیا گیا۔وزیر موصوف نے بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں لوک سبھا کے اسپیکر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین کو بھی خط تحریر کیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت 30 نومبر اور یکم دسمبر کو لوک سبھا میں اہم سرکاری امور اور قانون سازی سے متعلق معاملات پیش کرے گی، جبکہ 2 اور 3 دسمبر کو یہی امور راجیہ سبھا میں زیر بحث لائے جائیں گے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ آیا حکومت اس اجلاس کے دوران حد بندی سے متعلق بل بھی پیش کرے گی تو انہوں نے کہا کہ ایوان میں پیش کیے جانے والے سرکاری امور کی تفصیلات بعد میں بتائی جائیں گی۔ تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ اجلاس کے دوران کئی اہم بل اور دیگر معاملات بحث کے لیے سامنے آئیں گے۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی کابینہ نے جمعہ کے روز آئین میں ترمیم سے متعلق ایک نئے بل اور اس کے ساتھ حد بندی سے متعلق بل کو منظوری دی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ دونوں بل پیر کے روز لوک سبھا میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔










