دو گاڑیاں ،مختلف ممالک کی غیر ملکی کرنسی نوٹ اور دیگر اہم الیکٹرانک آلات ضبط ، تحقیقات جاری
سرینگر / این این بی // 70 کروڑ روپے کے فرضی سرمایہ کاری اسکیم کا پردہ فاش کرتے ہوئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جموں و کشمیر اور پنجاب میں 8 مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں انجام دی اور تلاشیاں لی ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے جموں سب زونل دفتر نے تقریباً 70 کروڑ روپے کے مبینہ فرضی سرمایہ کاری اور رقم کئی گنا بڑھانے کی اسکیم کے سلسلے میں جموں و کشمیر اور پنجاب میں آٹھ مختلف مقامات پر بیک وقت چھاپہ مار کارروائیاں انجام دیں۔ یہ کارروائیاں کٹھوعہ، ادھم پور اور پٹھانکوٹ سمیت دیگر مقامات پر انجام دی گئیں۔تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ کارروائیاں انسدادمنی لانڈرنگ قانون 2002 کے تحت سابق سشستر سیما بل (ایس ایس بی) اہلکار گرمیت سنگھ اور اس کے مبینہ ساتھیوں کے خلاف جاری تحقیقات کے سلسلے میں کی گئیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ای ڈی نے یہ تحقیقات جموں و کشمیر کے علاوہ اتراکھنڈ، اتر پردیش، راجستھان، ہریانہ اور بہار کی مختلف پولیس ایجنسیوں کی جانب سے درج متعدد ایف آئی آروں کی بنیاد پر شروع کی تھیں۔ ان ایف آئی آرز میں عوام کو جعلی سرمایہ کاری اسکیموں کے ذریعے دھوکہ دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔تحقیقات کے مطابق ملزم گرمیت سنگھ اور اس کے مبینہ ساتھیوں نے عوام کو اپنی طرف راغب کرنے کیلئے ”سیف انویسٹمنٹ پلان“ سمیت مختلف پرکشش سرمایہ کاری اسکیمیں متعارف کرائی تھیں۔ ان اسکیموں کے ذریعے سرمایہ کاروں کو مختصر مدت میں بھاری منافع اور سرمایہ کاری کی رقم میں غیر معمولی اضافے کی یقین دہانیاں کرائی جاتی تھیں، تاہم مبینہ طور پر ان جھوٹے وعدوں کے ذریعے لوگوں کی محنت کی کمائی ہتھیائی گئی۔ڈائریکٹوریٹ کے مطابق اس مبینہ دھوکہ دہی کا شکار ہونے والوں میں عام شہریوں کے علاوہ سروس میں تعینات اور ریٹائرڈ ایس ایس بی اہلکار بھی شامل ہیں، جنہوں نے بہتر منافع کی امید میں اپنی جمع پونجی ان اسکیموں میں لگائی تھی۔ای ڈی کی تحقیقات میں اب تک یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم اور اس کے اہل خانہ، ساتھیوں اور متعلقہ کاروباری اداروں نے سرمایہ کاروں سے تقریباً 70 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جمع کی تھی۔ تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے ذریعے حاصل کی گئی رقم سے مختلف اثاثے بھی خریدے گئے، جن میں غیر منقولہ جائیدادیں اور دیگر قیمتی اثاثے شامل ہیں۔چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ای ڈی نے دو قیمتی اور لگڑری گاڑیاں، غیر منقولہ جائیدادوں سے متعلق دستاویزات، الیکٹرانک آلات اور دیگر اہم ریکارڈ ضبط کیا ہے، جنہیں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے اہم شواہد قرار دیا جا رہا ہے۔ای ڈی نے کارروائی کے دوران گرمیت سنگھ اور اس سے منسلک اداروں کے مختلف بینک کھاتوں میں موجود تقریباً 33 لاکھ روپے کی رقم منجمد کر دی ہے۔کارروائی کے دوران مختلف ممالک کی غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کرکے ضبط کی گئی، جس میں متحدہ عرب امارات کے درہم، تھائی لینڈ کے بھات، آذربائیجان کے منات اور آسٹریلوی ڈالر شامل ہیں۔ ضبط شدہ غیر ملکی کرنسی کی مجموعی مالیت تقریباً 37 ہزار روپے بھارتی کرنسی کے برابر بتائی گئی ہے۔ای ڈی نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے میں تحقیقات ابھی جاری ہیں اور ضبط شدہ دستاویزات، الیکٹرانک آلات اور دیگر شواہد کی جانچ کے بعد مزید مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ طور پر حاصل کی گئی غیر قانونی دولت سے متعلق تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔










