کرائم برانچ کشمیر نے 93لاکھ روپے فراڈ کا پردہ فاش کر لیا ،دو ملزمان کےخلاف چارج شیٹ دائر
سرینگر / این این بی // پلوامہ میں مہاجر اراضی اور بجبہاڑہ میں درختوں کی جعلی فروخت کیلئے فرضی مختارنامہ اور جعلی دستاویزات کے ذریعے شہری کو لوٹنے کے الزام میں کرائم برانچ جموں و کشمیر کی اقتصادی ونگ نے دوملزمان کے خلاف چارج شیٹ دائر کردی ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق کرائم برانچ جموں و کشمیر کی اقتصادی ونگ کشمیر نے اراضی کی جعلی خرید و فروخت کے ذریعے ایک شہری کو 93 لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کے معاملے میں دو ملزمان کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ یہ معاملہ پلوامہ میں واقع مہاجر اراضی اور بجبہاڑہ میں موجود درختوں کی مبینہ غیر قانونی فروخت سے متعلق ہے۔کرائم برانچ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اقتصادی ونگ کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 17/2026کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 318(4)، 336(3)، 338، 340 اور 61(2) کے تحت دونوں ملزمان کے خلاف چارج شیٹ سرینگر کی عدالتِ سب جج میں پیش کی ہے۔ملزمان کی شناخت سوم ناتھ کول عرف برج ناتھ بھٹ ولد کیلاش ناتھ کول عرف آنجہانی تارا چند ساکنہ 22 لوٹس ٹاور، بنگلورو نارتھ، کرناٹک اور اندرا نگر سرینگر، حال مقیم مکان نمبر 156، امیت نگر، مٹھی، ضلع جموں، جبکہ دوسرے ملزم غلام محی الدین ڈار ولد عبدالخالق ڈار ساکن جواہل پورہ، سمسن، بڈگام کے طور پر کی گئی ہے۔ای او ڈبلیو کے مطابق اس معاملے کی ابتدا ایک تحریری شکایت سے ہوئی، جس میں شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا تھا کہ سوم ناتھ کول نے اراضی کے ایک فرضی سودے میں لینڈ بروکر غلام محی الدین ڈار کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کرکے اس سے 93 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ غلام محی الدین ڈار نے شکایت کنندہ کو پلوامہ کے درسو علاقے میں واقع پانچ کنال مہاجر اراضی اور بجبہاڑہ میں موجود تقریباً 300 کھڑے درخت فروخت کرنے کی پیشکش کی تھی۔اس دوران سوم ناتھ کول نے مبینہ طور پر خود کو اصل مالکان کا مختارِ عام اور ان کا مجاز نمائندہ ظاہر کیا اور شکایت کنندہ کے حق میں مختلف معاہدے بھی مرتب کیے۔ ان معاہدوں میں غلام محی الدین ڈار کو بطور گواہ دکھایا گیا تھا۔تاہم تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ فروخت کے لیے تیار کیے گئے معاہدے مبینہ طور پر جعلی تھے اور نہ ہی مذکورہ اراضی اور درخت ملزمان کی ملکیت تھے۔ تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق دونوں ملزمان کے پاس اصل مالکان کی جانب سے جائیداد فروخت کرنے کا کوئی قانونی اختیار یا اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔کرائم برانچ کے مطابق ای او ڈبلیو کشمیر کی ایک خصوصی ٹیم نے ستمبر 2026 میں کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کیا۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ سوم ناتھ کول کئی برسوں سے قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے مفرور تھا اور مبینہ طور پر مختلف فرضی ناموں کے تحت سرگرم تھا۔ اس نے سوم ناتھ کول، برج ناتھ بھٹ، ہادی ناتھ اور موہن لال سمیت متعدد شناختیں اختیار کر رکھی تھیں۔کرائم برانچ کے مطابق مذکورہ ملزم اس وقت سرینگر کی سینٹرل جیل میں عدالتی تحویل میں ہے۔ سوم ناتھ کول عرف برج ناتھ بھٹ کے خلاف یہ تیسری چارج شیٹ ہے، جبکہ وہ کرائم برانچ کشمیر میں درج کئی دیگر مقدمات میں بھی مبینہ طور پر ملوث ہے اور ان معاملات کی تحقیقات جاری ہیں۔ای او ڈبلیو نے بتایا کہ تحقیقات مکمل کرنے کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف ان کے مبینہ کردار کو ثابت کرنے کے لیے کافی شواہد جمع کیے گئے، جس کے بعد قانونی کارروائی کے لیے چارج شیٹ متعلقہ عدالت میں پیش کی گئی۔










