تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور ثقافتی ورثے کے تحفظ پر زور دیا
راجوری// وزیربرائے قبائلی اَمور ، خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین اورٹرانسپورٹ محکمہ جات جاوید احمد رانا نے راجوری کے علاقے گوردھن بالا میں واقع ایکلاویہ ماڈل ریذیڈنشل سکول (اِی ایم آر ایس) میں منعقدہ تیسرے اَہ اہ، آر ایس ریاستی سطحی ’کلا اتسو‘ اور ’سمردھی 2026-27 ‘کی اِختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔اِس ایونٹ نے جموں و کشمیر بھر کے اکلاویہ ماڈل ریذیڈنشل سکولوں کے طلبأ کوایسا متحرک پلیٹ فارم فراہم کیا جہاں وہ رقص ،موسیقی اور دیگر ثقافتی پیشکشوںکے ذریعے اَپنی فنی اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔ یہ پیشکشیں خطے کے بھرپور ثقافتی ورثے اور تنوع کی عکاس تھیں۔ایونٹ میں شرکت کرنے والی اِداروں میں اِی ایم آر ایس سالیہ (اننت ناگ)، اِی ایم آر ایس گریز (بانڈی پورہ )، اِی ایم آر ایس ٹنگمرگ (کولگام)، اِی ایم آر ایس پونچھ (مینڈھر)، اِی ایم آر ایس کوترنکا (راجوری) اور اِی ایم آر ایس راجوری (گوردھن بالا) شامل تھے۔’کلا اُتسو ‘اور’ سمردھی‘ وزارتِ تعلیم (ایم او اِی ) اور این سی اِی آر ٹی کے دو ایسے مشترکہ اَقدامات ہیں جو ہندوستان میں سکینڈری سکولوں ( نویں سے بارہویں جماعت) میں فنی صلاحیتوں اور فنون پر مبنی جدید تدریسی طریقوں کو فروغ دیتے ہیں۔جاوید رانا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلبأ کی تخلیقی اورفنی صلاحیتوں کو نکھار کر جموںوکشمیرکے ثقافتی تنوع یکجا کرنے میں’ کلا اُتسو و سمردھی‘ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس طرح کے اَقدامات قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کو اَپنی صلاحیتوں کے اِظہار، اعتماد میں اِضافے اور خطے کی متنوع ثقافتی روایات کو سمجھنے اور سراہنے کا موقعہ فراہم کرتے ہیں۔اُنہوں نے باقاعدہ تعلیم کے ساتھ ساتھ فنون، دستکاری، موسیقی اور دیگر تخلیقی سرگرمیوںکی ترغیب دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں بچوں کی ہمہ جہت نشوو نما میں اہم کردار اَداکرتی ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہر بچے میں منفرد صلاحیتیں ہوتی ہیں جنہیں شناخت کرنے، پروان چڑھانے اور پھلنے پھولنے کے لئے مناسب مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔وزیرموصوف نے مزید کہا کہ’ کلا اُتسو و سمردھی‘ جیسے پلیٹ فارم جموں و کشمیر کے ثقافتی ورثے کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور مختلف خطوں کے طلبأ کے باہمی افہام و تفہیم اوراپنائیت کے احساس کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے شرکأکی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی ثقافتی جڑوں سے جڑے رہیں اور اَپنی فنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا عمل جاری رکھیں۔ثقافتی پروگرام میں متاثر کن مظاہرے پیش کئے گئے جن میں گوجری، پنجابی اور ڈوگری گروپ گروہی رقص، اِی ایم آر ایس گریز کے طلبأ کا جونیئر گروہی رقص، کرشنا بھجن اور کلاسیکی چمکیا رقص کا امتزاج والا سینئر سولو مظاہرہ اور ای ایم آر ایس پونچھ کے طلبأ کا گوجری لڑکوں کا گروہی رقص شامل تھے۔ فیسٹول کے دوران کل 14 پروگرام پیش کئے گئے۔تقریب کے اختتام پرصلاحیتوں اور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکأ کواعزازات سے نوازا گیا۔وزیرموصوف نے میزبان ادارہ، اساتذہ اور منتظمین کی کوششوںکو سراہا جنہوں نے قبائلی طلبأ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور جموں و کشمیر کے بھرپور ثقافتی تنوع کا فیسٹول منانے کے لئے ایک بامعنی پلیٹ فارم مہیا کیا۔










