ہندوستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے ،لیفٹیننٹ گورنر کا کیڈٹوں سے خدمت اور قربانی کی روایت کو برقرار رکھنے پر زور
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سینک سکول نگروٹہ میں نئی تعمیر شدہ کثیر المقاصد اِنڈور سپورٹس ارینا کا اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پراُنہوں نے کیڈٹوں، فیکلٹی ممبران اور معزز مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ قوم اَپنے نوجوانوں کو مستقبل کے سپاہی، سول سروس، سائنسدان، کھلاڑی، طبی پیشہ ور اَفراد اور قوم کے معماروں کے طور پر دیکھتی ہے۔ اُنہوں نے زوردے کرکہا کہ چاہے وہ کسی بھی شعبے کا اِنتخاب کریں، کامیابی کا انحصار کردار، نظم و ضبط، محنت اور قومی خدمت کے عزم جیسے اَقدار پر ہے۔ اُنہوں نے آرمڈفورسزکے ان بہادر جوانوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کے اتحاد، خودمختاری اور سا لمیت کے لئے اَپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِس نئی سہولیت کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اِنڈور سپورٹس ارینا نوجوانوں کے جذبوں پر یقین کا آئینہ ہے ۔ یہ ارینا پورے سال بلا تعطل تربیت کے مواقع فراہم کرے گا اور موسم کی پروا کئے بغیر کیڈٹوں کو بیڈمنٹن، باسکٹ بال اور ٹیبل ٹینس جیسے کھیلوں میں مہارت حاصل کرنے کے قابل بنائے گا۔ اُنہوں نے سکول اِنتظامیہ اور کوچنگ سٹاف پر زور دیا کہ وہ اس سہولیت کا بہترین اِستعمال یقینی بنائیں۔اُنہوں نے آئی سی آئی سی آئی فاؤنڈیشن کو ’کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (سی ایس آر) ‘کے تعاون سے یہ ارینا قائم کرنے پر مُبارک باد دِی۔ اُنہوں نے کہا کہ قوم کی تعمیر ایک اِجتماعی ذمہ داری ہے جس میں حکومت، تعلیمی اِدارے، صنعت، معاشرہ اور شہری سب شامل ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس طرح کی شراکت داریاں تعلیمی اِداروں بالخصوص جموں و کشمیر کے دُور دراز علاقوں میں بہت فائدہ مند ثابت ہوں گی۔منوج سِنہا نے سینک سکولوں کے قیام کے پیچھے کار فرما ویژن کا ذِکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اِداروں نے قیادت، نظم و ضبط، قومی یکجہتی اورآرمڈ فورسز کے لئے عزم کو پروان چڑھانے میں اہم کردار اَدا کیا ہے۔ انہوں نے کیڈٹوں پر زور دیا کہ وہ اَپنے طرزِ عمل، سخت محنت اور کامیابیوں کے ذریعے اس ورثے کو قائم رکھیں۔اُنہو ں نے کردار سازی میں کھیلوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیل ٹیم ورک،قوتِ برداشت ، اِستقامت ، نظم و ضبط، عاجزی اور قیادت کو فروغ دیتے ہیں۔ اُنہوں نے کیڈٹوں کی حوصلہ اَفزائی کی کہ وہ محض تمغے جیتنے پر نہیں بلکہ مسلسل خود کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ اُنہوں نے بین الاقوامی کھیلوں میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی کامیابیوں اور ’کھیلو اِنڈیا‘ جیسے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہاں موجود کیڈٹوںمیں سے کچھ مستقبل میں اولمپک کے میدان میں ملک کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کہا،’’ہماری فوجی روایت میں کھیل اور جسمانی تربیت کو ہمیشہ خاص اہمیت دی گئی ہے۔اِس کی وجہ واضح ہے۔ ایک سپاہی سے صرف جسمانی طاقت کی توقع نہیں کی جاتی بلکہ یہ بھی توقع کی جاتی ہے کہ وہ مشکل حالات میں پُرسکون رہے، فوری فیصلے کرے، اَپنے ساتھیوں پر بھروسہ رکھے اور مشکلات کے سامنے ڈٹا رہے۔ اور میرا ماننا ہے کہ یہ تمام خوبیاں کھیل کے میدان میں ہی پروان چڑھتی ہیں۔‘‘اُنہوں نے کیڈٹوں سے پانچ رہنما اصول، بڑے خواب دیکھیں، ایمانداری کے ساتھ محنت کریں، ٹیم ورک اور سپورٹس مین شپ کو اَپنائیں، جسمانی اور ذہنی تندرستی برقرار رکھیں اور فوجی وردی کو ہمیشہ خدمت اور قربانی کی علامت سمجھیں،اَپنانے کی اپیل کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’دوسروں کی فلاح و بہبود سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں اور دوسروں کو تکلیف پہنچانے سے بڑھ کر کوئی برائی نہیں۔ یہ جذبہ ایک سچے سپاہی کی زِندگی کا رہنما اصول ہونا چاہیے کیوں کہ وردی محض اختیار اوراعزاز کی علامت نہیں بلکہ خدمت، ذمہ داری اور قربانی کی علامت ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا،’’فوجی وردی کے اَصل مفہوم کو ہمیشہ یاد رکھیں: یہ ذاتی وقار کا ذریعہ نہیں بلکہ قوم کی خدمت کا عہد ہے۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ آپ کی کامیابی ہندوستان کی کامیابی میں مضمر ہے۔‘‘اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے شوریہ سمارک پر پھول چڑھائے اور’ ماں بھارتی‘ کے بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اِس موقعہ پر ممبر قانون ساز اسمبلی نگروٹہ دیویانی رانا، وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل موہت سیٹھ( ایس ایم، وی ایس ایم)،پرنسپل سینک سکول نگروٹہ کیپٹن (آئی این) شیبو دیواسیا، آئی سی آئی سی آئی بینک میں جموں وکشمیر او رلداخ کے زونل ہیڈ سندیپ شرما،کمشنر سیکرٹری محکمہ سکولی تعلیم رام نواس شرما، صوبائی کمشنر جموںوِکاس کنڈل، ضلع ترقیاتی کمشنر جموںمنگا شیرپا، آئی سی آئی سی آئی فاؤنڈیشن کے نمائندے، فوج اور پولیس کے سینئر اَفسران، فیکلٹی اور طلبأموجود تھے۔










