cold

خشک موسمی صورتحال کے چلتے وادی میں سردیوں کا راج برقرار

وادی کشمیر سمیت جموں صوبے کے کئی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے سے لوگ پریشان

سرینگر / / این این بی // وادی میں شدید سردی کی لہر جاری رہنے کے بیچ کشمیر میں درجہ حرارت کافی نیچا چلا گیا۔ سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد پر پہنچ گیا ہے، جبکہ مشہور سیاحتی مقام گلمرگ منفی 2.2 ڈگری سیلشس کے ساتھ خطے کا سرد ترین مقام رہا۔ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی آئندہ کچھ دنوں تک موسم مجموعی طو ر پر خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ اسی دورا ن شدید سردی کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق رواں ماہ کے ابتدائی دنوں سے وادی میں شدت کی سردی جاری ہے ۔ شہر سرینگر اور دیگر قصبہ جات میں موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی دھوپ نکلی تھی تاہم بعد میں موسمی صورتحال مسلسل دگر گوں ہوئی اور شبانہ درجہ حررات میں کافی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں سردی کی لہر جاری ہے جس کے چلتے شبانہ درجہ حرارت منفی میں ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رات کے درجہ حرارت میں بیشتر علاقوں میں 2 سے 3 ڈگری سیلشس تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد پر پہنچ گیا ہے، جبکہ مشہور سیاحتی مقام گلمرگ منفی 2.2 ڈگری سیلشس کے ساتھ خطے کا سرد ترین مقام رہا۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اس سے ایک روز قبل درجہ حرارت 2.0 ڈگری سیلشس تھا۔ اس طرح درجہ حرارت میں 2 ڈگری کی کمی درج کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر ہ آفاق گلمرگ میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا، جہاں درجہ حرارت 0.4 ڈگری سے گر کر منفی 2.2 ڈگری سیشلس تک پہنچ گیا۔ اسی طرح پہلگام میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ روز یہ 0.4 ڈگری تھا۔کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.8 ڈگری جبکہ قاضی گنڈ میں درجہ حرارت 2.2 ڈگری سے کم ہوکر صفر ڈگری پر پہنچ گیا۔ کوکرناگ میں نسبتاً معمولی کمی درج کی گئی، جہاں درجہ حرارت 3.1 ڈگری سے گھٹ کر 2.6 ڈگری سیلشس رہا۔جموں کے مختلف علاقوں میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ بانہال میں سب سے زیادہ 3.4 ڈگری کی کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں درجہ حرارت 5.3 ڈگری سے گر کر 1.9 ڈگری سیلشس تک پہنچ گیا۔ جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 13.3 ڈگری سے کم ہوکر 10.6 ڈگری، کٹرا میں 12.6 ڈگری سے 10.6 ڈگری اور بھدرواہ میں 3.6 ڈگری سے گر کر 1.7 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔درجہ حرارت میں اچانک کمی سے واضح ہوتا ہے کہ وادی کشمیر سمیت جموں صوبے کے کئی علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھ رہی ہے۔ وادی کے بیشتر موسمیاتی مراکز میں رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد کے آس پاس یا اس سے نیچے پہنچنے کے باعث موسم سرما کی سردی میں مزید شدت محسوس کی جا رہی ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے 24 کے لیے بنیادی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ 30نومبر تک کسی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں ہے۔