برسوں سے محنت اور تیاری کرنے والے مستحق امیدواروں کے مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا/ سروس سلیکشن بورڈ
سرینگر / این این بی // 15 نومبر کو منعقد ہونے والا ایف اے اے امتحان نقل اور غیر قانونی ذرائع سے امیدواروں کو جوابات فراہم کرنے کی سازش سے متاثر نہیں ہوا اور پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں امتحانی عمل کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا کا اعلان کرتے ہوئے جموں کشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے آئندہ بھرتی امتحانات کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق فنانس اکاو ¿نٹس اسسٹنٹ کے حالیہ امتحان میں مبینہ طور پر نقل اور غیر قانونی ذرائع سے امیدواروں کو جوابات فراہم کرنے کی کوشش کے معاملے پر بڑھتی ہوئی تنقید، احتجاج اور جوابدہی کے مطالبات کے درمیان جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ نے آئندہ بھرتی امتحانات کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ تاہم بورڈ نے واضح کیا ہے کہ 15 نومبر کو منعقد ہونے والا ایف اے اے امتحان اس مبینہ سازش سے متاثر نہیں ہوا اور پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں امتحانی عمل کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔جے کے ایس ایس بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امتحانی عمل میں مداخلت اور امیدواروں کو غیر قانونی فائدہ پہنچانے کی مبینہ کوشش کو بروقت ناکام بنا دیا گیا۔ بورڈ کے مطابق جموں و کشمیر پولیس کی فوری کارروائی اور پہلے سے موجود سکیورٹی انتظامات کی بدولت تمام 20 اضلاع میں امتحان کا انعقاد بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے ممکن ہوا۔واضح رہے کہ ایف اے اے امتحان سے قبل جموں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 14 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے مبینہ طور پر ایک ایسے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا تھا جو امتحانی مراکز کے اندر مخصوص امیدواروں تک الیکٹرانک مواصلاتی آلات کے ذریعے جوابات پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔اس انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کے دوران متعدد وائرلیس ریڈیو سیٹ بھی ضبط کیے گئے تھے، جبکہ معاملے میں تین ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔بورڈ نے کہا کہ اس واقعے کے دوران مبینہ طور پر استعمال کیے جانے والے طریقہ کار کا سنجیدگی سے جائزہ لیا گیا ہے اور مستقبل میں اس نوعیت کی کوششوں کو روکنے کے لیے موجودہ حفاظتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اضافی حفاظتی اقدامات کے تحت امتحانی مراکز اور امتحانی ہالوں میں داخلے کے ضابطوں کو مزید سخت کیا جائے گا، موجودہ معیاری عملی طریقہ کار کا ازسرنو جائزہ لے کر انہیں اپ ڈیٹ کیا جائے گا اور تکنیکی نگرانی کے نظام کو مزید مو ¿ثر بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ امتحانی مراکز میں الیکٹرانک گیجٹس اور مواصلاتی آلات کے ذریعے نقل کرنے کی کوششوں کو روکنے کے لیے مزید تکنیکی رکاوٹیں اور حفاظتی انتظامات قائم کیے جائیں گے۔جے کے ایس ایس بی نے واضح کیا کہ امتحانی عمل کی شفافیت اور سیکورٹی یقینی بنانے کے لیے پہلے سے نافذ تمام انتظامات بھی برقرار رہیں گے۔ان انتظامات میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی، الیکٹرانک جیمِرز کی تنصیب، بائیومیٹرک تصدیق، امیدواروں کی جسمانی تلاشی، داخلے کے مقامات پر شناخت اور دستاویزات کی جانچ، فلائنگ اسکواڈز کے اچانک معائنے اور امتحانی مواد کی نگرانی شامل ہے۔بورڈ کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد امتحانی عمل میں کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت، دھاندلی یا غیر قانونی سرگرمی کے امکانات کو ختم کرنا ہے۔بورڈ نے ایف اے اے امتحان کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 15 نومبر کو مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں قائم 493 امتحانی مراکز پر یہ امتحان منعقد کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 1,61,946 امیدواروں نے شرکت کی۔یہ امتحان 600 آسامیوں پر بھرتی کے لیے لیا گیا تھا۔ بورڈ نے کہا کہ ان آسامیوں کے لیے برسوں سے محنت اور تیاری کرنے والے مستحق امیدواروں کے مفادات پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔جے کے ایس ایس بی نے یقین دلایا کہ بھرتی کا پورا عمل میرٹ کی بنیاد پر اور کسی بھی بیرونی مداخلت سے پاک رکھا جائے گا۔ غیر منصفانہ ذرائع استعمال کرکے کسی امیدوار کو ناجائز فائدہ پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بورڈ نے اس موقع پر جموں و کشمیر پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ تال میل قائم کرکے مبینہ طور پر امتحانی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا۔










