ساگر نے’ کشمیر ٹریڈرز اینڈ مینو فیکچر ر ز فیڈریشن ‘ کو تجارتی مسائل کو جلدحل کرنے کا یقین دِلایا

ساگر نے’ کشمیر ٹریڈرز اینڈ مینو فیکچر ر ز فیڈریشن ‘ کو تجارتی مسائل کو جلدحل کرنے کا یقین دِلایا

بجلی صارفین کیلئے ’کمرشل ایمنسٹی سکیم‘کو ترجیحی بنیادوں پر غور کیا جائے گا

سری نگر// وزیر برائے محکمہ ریونیو و پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ علی محمد ساگر نے ’کشمیر ٹریڈرز اینڈ مینوفیکچررز فیڈریشن (کے ٹی ایم ایف) ‘کے ایک وفدجس کی قیادت اس کے صدر محمد یاسین خان کر رہے تھے، کو یقین دِلایا کہ تجارتی کمیونٹی کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا اور ان کے جلد حل کے لئے ضروری اَقدامات اُٹھائے جائیں گے۔دورانِ ملاقات وزیر موصوف نے بجلی اور ریونیو محکموں بالخصوص بجلی کی فراہمی، بجلی کے بنیادی ڈھانچے، ریونیو اسسمنٹ، جائیداد سے متعلق معاملات اورتاجروں اور تجارتی اِداروں کو متاثرکرنے والی اِنتظامی رُکاوٹوں سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی۔وفد نے ایک اہم مسئلہ جو اُٹھایا وہ تجارتی بجلی صارفین کے لئے’کمرشل ایمنسٹی سکیم‘ کا مطالبہ تھا۔وزیر موصوف نے اس مطالبے کے جواب میںیقین دِلایا کہ اس معاملے پر ترجیحی بنیادوں پر غور کیا جائے گا اور حکومت جلد ہی ایک ایسی سکیم لائے گی جس کا مقصد تجارتی صارفین کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کے ذمے واجب الادا رَقوم کی ادائیگی کے عمل کو آسان بنانا ہے۔وزیر علی محمد ساگرنے معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع پیداکرنے میں تاجر کمیونٹی کے کردار کو سراہا اوراِس بات پر زور دیا کہ متعلقہ محکموں کی مربوط کوششوں سے تاجروں کے جائز مسائل کو حل کیاجائے گا۔صدر’کے ٹی ایم ایف‘ نے بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے، بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اورریونیو سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔صدرہندواڑہ ٹریڈرز ایسوسی ایشن منصور احمد بٹ نے ہندواڑہ مارکیٹ میں بجلی، پارکنگ کی سہولیات اور مالیاتی امور سے متعلق مسائل اُٹھائے۔ اُنہوں نے مرکزی مارکیٹ میں روشنی اور عوامی تحفظ کو بہتر بنانے کے لئے’ ہائی ماسٹ لائٹس‘ نصب کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔چیئرمین شوپیان ٹریڈرز فیڈریشن ریاض احمد منٹو نے شوپیان کے تاجروں اور باشندوں کو درپیش محصولات سے متعلق مسائل اُجاگر کئے اور ان کے جلد حل کیلئے وزیرموصوف سے مداخلت کی درخواست کی۔وزیرموصوف نے ان مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے وفد کو یقین دِلایا کہ متعلقہ محکمے ان مسائل کا جائزہ لیں گے اور اَپنے اَپنے دائرۂ اِختیار میں ضروری کارروائی شروع کریں گے۔ اُنہوں نے شکایات کے مؤثر اَزالے کے لئے تجارتی تنظیموں کے ساتھ باقاعدہ رابطے اور بات چیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔وفد نے وزیرعلی محمد ساگرکا شکریہ اَدا کیا کہ اُنہوں نے ان کی بات کو بغور سُنا اور مناسب کارروائی کرنے کی یقین دہانی کی۔صدر ’کے ٹی ایم ایف‘ کے ساتھ آنے والوں میں دین محمد متو، قاضی توصیف، جاوید اقبال بجا، معراج الدین خان، شیخ عبدالرشید،صدر ہندواڑہ ٹریڈرز ایسوسی ایشن منصور احمد بٹ اور چیئرمین شوپیان ٹریڈرز فیڈریشن ریاض احمد منٹو شامل تھے۔ساگرنے جونیئر اِنجینئر( (الیکٹریکل )کے اُمیدواروں کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی جنہوں نے ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں جونیئر اِنجینئر( الیکٹریکل) کی خالی اَسامیوں کے لئے اشتہار جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ متوقع اُمیدواروں نے وزیر موصوف سے درخواست کی کہ اہل اُمیدواروں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے بھرتی کا عمل جلد از جلد شروع کیا جائے ۔ وزیرموصوف نے ان کی بات کو بغور سُنااور یقین دِلایا کہ متعلقہ حکام ان کی نمائندگی کا جائزہ لیں گے۔