جاوید رانا نے تعلیم اور سماجی ہم آہنگی کیلئے مولانا غلام قادر صاحب کی خدمات کو اُجاگر کیا

جاوید رانا نے تعلیم اور سماجی ہم آہنگی کیلئے مولانا غلام قادر صاحب کی خدمات کو اُجاگر کیا

ان کی میراث کو آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ قرار دیا

پونچھ// وزیر برائے قبائلی امور، خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین اور ٹرانسپورٹ محکمہ جات جاوید احمد رانا نے گورنمنٹ ڈِگری کالج پونچھ کے نئے آڈیٹوریم میں حضرت مولانا غلام قادر صاحب کی زندگی، میراث اور ان کی خدمات پر منعقدہ سمینارمیں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔یہ سمینار جے کے علیگ سوسائٹی اور پیر پنجال فاؤنڈیشن فار پیس اینڈ کمیونل ہارمنی نے گورنمنٹ ڈِگری کالج پونچھ کے شعبۂ اردو کے اشتراک سے منعقد کیا ہے۔اِس سمینارمیں سکالروں، ماہرین تعلیم اور دیگر شرکأنے مولانا غلام قادر کی شاندار زِندگی اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ مولانا ایک معتبر عالم دین، دُوراندیش ماہر تعلیم، مخیر شخصیت اور سماجی مصلح تھے جن کے کام نے پیر پنجال خطے کے تعلیمی اور سماجی منظرنامے پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔وزیر موصوف نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا صاحب کو تعلیم، اِنسانی خدمت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ان کی زندگی بھر کی لگن پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسی عظیم شخصیات کی زندگی اور کام معاشرے کے لئے بہترین رہنمائی فراہم کرتے ہیں اور آنے والی نسلوں کو علم، ہمدردی اور خدمت کے اَقدار کو اَپنانے کی ترغیب دیتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ مولانا صاحب کا گنٹیرین مینڈھر سے دیوبند تک حصولِ علم کے لئے سفر غیر معمولی عزم اور علم سے گہری وابستگی کا مظہر تھا۔وزیر نے کہا کہ مولانا صاحب کا 1974 میں’ جامعہ ضیاء العلوم پونچھ ‘کے قیام کا فیصلہ خطے کی تعلیمی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہواہے۔اُنہوں نے کہا،’’مولانا غلام قادر صاحب کی زِندگی اس بات کی روشن مثال ہے کہ کس طرح علم، عزم اور بے لوث خدمت معاشرے میں تبدیلیلاسکتے ہیں۔ تعلیم کے ذریعے اَفراد کو بااِختیار بنانے اورکمیونٹیوں کو مضبوط کرنے کا ان کا نظریہ آج بھی اِنتہائی اہمیت کا حامل ہے۔‘‘جاویدرانا نے اِنسانی فلاح و بہبود کے لئے مولانا صاحب کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کا دائرہ کار صرف تعلیمی شعبے تک محدود نہیں تھا ۔اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ مولانا صاحب کا طریقۂ خدمت مذہبی اور سماجی حدود سے بالاتر تھا اور اس یقین پر مبنی تھا کہ اِنسانیت کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔اُنہوں نے کہا،’’ان کا بھائی چارے، باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کا پیغام پیر پنجال خطے کے لئے خاص طور پر اہم ہے ۔ مولانا صاحب نے ہمیشہ مختلف مذاہب اور کمیونٹیوں کے لوگوں کے درمیان خیرسگالی اور افہام و تفہیم کو فروغ دیا ہے جس سے سماجی ہم آہنگی کے رشتے مضبوط ہوئے ہیں۔‘‘وزیرموصوف نے مزید کہا کہ مولانا غلام قادر کی میراث صرف ان کے قائم کردہ ادارے تک محدود نہیں بلکہ طلبأکے لئے پیدا کئے گئے مواقع، کمزور کنبوں کو دی گئی مدد اور کمیونٹیوں کے درمیان فروغ پانے والی ہم آہنگی کی صورت میں زندہ ہے۔اُنہوںنے کہا کہ مولانا صاحب کے نظریات ان تمام لوگوں کے لئے تحریک کا کام کرتے ہیں جو ایک ترقی پسند، جامع اور ہمدرد معاشرے کی تعمیر کے لئے پُرعزم ہیں۔اُنہوںنے مزید کہا،’’مولانا صاحب کی زندگی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ تعلیم نسلوں کو بااختیار بنا سکتی ہے اور ہمدردی کمیونٹیوں کو یکجا کر سکتی ہے۔ ان کی دیرپا خدمات آنے والی نسلوں کو تحریک دیتی رہیں گی۔‘‘وزیر نے جے اینڈ کے علیگ سوسائٹی اور پیر پنجال فاؤنڈیشن فار پیس اینڈ کمیونل ہارمنی کا بھی شکریہ ادا کیا کہ اس بامعنی اور متاثر کن سمینار کا اِنعقاد کیا گیا جس نے خطہ میں تعلیم، سماجی اصلاح اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے دیرپا خدمات اَنجام دینے والی نامور شخصیات کی میراث کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔