مانسبل میںدوروزہ ’ نیچر ایکسپلور یشن‘ پروگرام اِختتام پذیر

مانسبل میںدوروزہ ’ نیچر ایکسپلور یشن‘ پروگرام اِختتام پذیر

مانسبل(گاندربل)// ولر مانسبل ڈیولپمنٹ اَتھارٹی (ڈبلیو ایم ڈِی اے) کی جانب سے گورنمنٹ ڈِگری کالج (جی ڈِی سی ) گاندربل کے اِشتراک سے منعقدہ دو روزہ’ نیچر ایکسپلوریشن‘ پروگرام اِختتام پذیر ہوا۔اِس تقریب میںجی ڈِی سی گاندربل کے طالب علموں،نیچرسے محبت کرنے والوں، سیاحوں اور مقامی شراکت داروں نے زبردست دلچسپی کا اِظہار کیا۔پروگرام کے تحت آج ’’نیچرکنزرویشن ‘اور ’منشیات کے غلط اِستعمال ‘سے متعلق دونوں موضوعات پر ایک مصوری مقابلہ منعقد ہوا جس میں طالب علموں نے اَپنے خیالات کو کاغذ اور کینوس پر اُتارتے ہوئے نیچرکنزرویشن کے لئے اَپنی گہری وابستگی اور منشیات کے خلاف اَپنے عزم کا اِظہار کیا۔اِس موقعہ پر معروف ویژول آرٹسٹ اور خطاط سائقہ رشید نے بطور ماہر فن پاروں کا جائزہ لیا اور فیصلہ سازی کی۔دو روزہ پروگرام کے اِختتام پر شرکت کرنے والے طالب علموں اور ضاکاروں میں انعامات اور توصیفی اسناد تقسیم کی گئیں۔چیف ایگزیکٹیوآفیسرڈبلیو ایم ڈی اے ڈاکٹر احسان الحق چشتی اورسربراہ سینٹرل سلک بورڈ مانسبل ڈاکٹر راجیش کمار نے شرکت کرنے والے طلبأ اور رضاکاروں میں انعامات اور توصیفی اسناد تقسیم کیں۔سی اِی او نے اَپنے خطاب میں کہا کہ ڈبلیو ایم ڈِی اے تمام تخلیقی کوششوں اور فنی سرگرمیوں کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا جاری رکھے گا تاکہ فطرت کے ساتھ ہمارے تعلق کو مضبوط کیا جا سکے اور معاشرے میں فطرت کے تحفظ اور منشیات کے خلاف لڑنے کے عزم کو پختہ کیا جا سکے۔ اُنہوں نے اس سلسلے میں گورنمنٹ ڈِگری کالج گاندربل کی طرف سے فراہم کردہ تعاون کا شکریہ اَدا کیا۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر راجیش کمار نے اَپنے خطاب میں تحفظِ فطرت اور منشیات کے خلاف جنگ کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ اُنہوں نے اِس ضمن میں اَپنے ادارے کی جانب سے اُٹھائے گئے اَقدامات اور مقامی فنون کو فروغ دینے کی کوششوں کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا۔جی ڈی سی گاندربل کی پروگرام کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر جمشیدہ اختر نے نیچر کنزرویشن اور منشیات کے نقصانات کے بارے میں بیداری پھیلانے میں این ایس ایس یونٹ کے کردار اور سرگرمیوں کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ آنے والے دِنوں میں ایسے مزید پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔اس سے قبل، پہلے دن جی ڈی سی گاندربل کے این ایس ایس رضاکاروں نے صفائی کے فیلڈ عملے اور ڈبلیو ایم ڈی اے کے افسران کے ساتھ مل کر کونڈابل، جاروکبل، باغوان محلہ اور ملحقہ علاقوں میں مانسبل جھیل کے کنارے ایک دن بھر کی صفائی مہم چلائی جس کے دوران مقامی باشندوں نے بھی صفائی مہم میں حصہ لیا۔اس مہم کے دوران جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، صفائی ستھرائی اور منشیات کے اِستعمال کے خلاف بیداری کو فروغ دینا تھا، شرکأ اور مقامی لوگوں کو کوڑاکرکٹ کو غلط طریقے سے ٹھکانے لگانے اور ماحولیاتی آلودگی کے مضر اثرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اور ذمہ دارانہ ویسٹ مینجمنٹ کے طریقوں کو اپنانے کی ترغیب دی گئی۔