پہلگام منفی 2.2ڈگری ، گلمرگ منفی 0.4 اور کپواڑہ منفی 1.1 ڈگری سیلشس ریکارڈ
سرینگر / این این بی // ٹنل کے آر پار خشک موسمی صورتحال کے بیچ کئی دنوں کی شبانہ ٹھنڈ سے لوگوں کو معمولی راحت نصیب ہوئی کیونکہ جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ کچھ دنوں تک خشک موسمی صورتحال کی پیشگوئی کی ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو (این این بی ) کے مطابق جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں سردی کی لہر کی شدت میں کسی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق وادی کے کئی علاقوں میں رات کے درجہ حرارت میں معمولی بہتری دیکھی گئی، جبکہ سرینگر شہر بھی ایک روز بعد دوبارہ منفی درجہ حرارت سے باہر آگیا۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سیاحتی پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات ریکارڈ کیے گئے منفی 2.8 ڈگری کے مقابلے میں 0.6 ڈگری زیادہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر شہر میں شبانہ درجہ حرارت 0.2 ڈگری سیلشس ریکارڈ ہوا، جبکہ گزشتہ روز یہ منفی 0.2 ڈگری سیلشس تھا۔ اس طرح سرینگر میں رات کے درجہ حرارت میں 0.4 ڈگری کا اضافہ ہوا اور شہر ایک بار پھر نقطہ انجماد سے اوپر آگیا۔اسی طرح سے شہر ہ آفاق گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ رات کے منفی 1.0 ڈگری کے مقابلے میں 0.6 ڈگری زیادہ ہے، جبکہ کپواڑہ میں منفی 1.1 ڈگری سیلشس ریکارڈ ہوا، جو گزشتہ روز کے منفی 1.3 ڈگری کے مقابلے میں قدرے بہتر ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق قاضی گنڈ میں درجہ حرارت منفی 0.8 ڈگری سیلشس پر برقرار رہا اور گزشتہ رات کے مقابلے میں کوئی تبدیلی ریکارڈ نہیں کی گئی۔ دوسری جانب کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سیلشس ریکارڈ ہوا، جبکہ گزشتہ رات یہ 1.0 ڈگری سیلشس تھا۔انہوں نے کہا کہ جموں کے مختلف علاقوں میں بھی رات کے درجہ حرارت میں مجموعی طور پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.7 ڈگری سیلشس رہا، جو گزشتہ روز کے 10.8 ڈگری کے مقابلے میں 0.9 ڈگری زیادہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مجموعی طور پر جموں و کشمیر کے بیشتر موسمیاتی مراکز میں رات کے درجہ حرارت میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، جہاں گزشتہ رات کے مقابلے میں درجہ حرارت 0.1سے 1.5 ڈگری سیلشس تک بڑھا ہے۔درجہ حرارت میں معمولی اضافے کے باوجود وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے اور متعدد مقامات پر رات کا درجہ حرارت اب بھی نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔










