حکومت تمام محکموں کے ڈیلی ویجروں کو مستقل کرنے کے عزم پر قائم

حکومت تمام محکموں کے ڈیلی ویجروں کو مستقل کرنے کے عزم پر قائم

افرادی قوت میں اضافہ سے قبل دستیاب مالی وسائل اور مستقبل کی مالی ذمہ داریوں کو بھی دیکھنا ہوگا/ سریندر چودھری

سرینگر / این این بی // حکومت جموں و کشمیر کے مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے ڈیلی ویجروں کو مستقل کرنے کے اپنے وعدے پر قائم ہے کااعلان کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے کہا کہ حکومت کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے جو اس وعدے پر عمل درآمد کی راہ میں ایک بڑا چیلنج ہیں۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق جموں میں میڈیا نمائندوںسے بات کرتے ہوے نائب وزیر اعلیٰ جموں کشمیر سریندر کمار چودھری نے کہا کہ ڈیلی ویجررس کی مستقلی صرف محکمہ جل شکتی تک محدود نہیں ہوگی بلکہ حکومت تمام محکموں میں کام کرنے والے یومیہ اجرت پر مامور ملازمین کے معاملے کو دیکھنے کے لیے پرعزم ہے۔چودھری نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے انتخابی منشور میں ڈیلی ویجرز کی مستقلی کا وعدہ کیا گیا تھا اور حکومت اس وعدے کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہا، ”یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہر ڈیلی ویجر کے معاملے کو منظم اور باقاعدہ کیا جائے، صرف محکمہ جل شکتی کے ملازمین کو نہیں بلکہ تمام محکموں میں کام کرنے والے ڈیلی ویجرز کو اس عمل میں شامل کیا جائے گا۔ ہم یہ کام کریں گے اور منشور میں کیے گئے وعدوں پر عمل کریں گے۔“تاہم نائب وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر حکومت اس وقت مالی مشکلات سے دوچار ہے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی بھی ایک بڑا مالی چیلنج بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس محدود مالی وسائل ہیں اور اضافی مالی ذمہ داریوں کو پورا کرنا آسان نہیں۔سریندر چودھری نے کہا کہ حکومت بار بار یہ واضح کرچکی ہے کہ اسے فنڈس کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں مستقل ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے، اس لیے عوام اور متعلقہ حلقوں کو حکومت کی مالی پوزیشن کو بھی سمجھنا ہوگا۔ڈپٹی چیف منسٹر نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کی موجودہ مالی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت کے سامنے موجود مشکلات کو بھی مدنظر رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو نئے ملازمین کو مستقل کرنے یا افرادی قوت میں اضافہ کرنے سے قبل دستیاب مالی وسائل اور مستقبل کی مالی ذمہ داریوں کو بھی دیکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے انتخابی وعدوں سے پیچھے نہیں ہٹ رہی، تاہم ان وعدوں پر عمل درآمد دستیاب مالی وسائل اور حکومت کی مجموعی مالی استطاعت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔انہوں نے ایک بار پھر یقین دلایا کہ حکومت منشور میں کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے کام جاری رکھے گی اور ڈیلی ویجرز کی مستقلی کے معاملے کو بھی اسی عزم کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔