جموں//حکومت جموںوکشمیرنے مقامی روزگار کو مضبوط بنانے ، سیاحت کو فروغ دینے اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے ایک اہم اقدام کے تحت وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں ٹنگمرگ اور لکھن پور میں دو سٹریٹ فوڈ ہبوں کی تعمیرکے لئے 9.85 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے اِنتظامی منظوری دِی ہے۔یہ منصوبے ان دو مقامات کی سٹریٹجک اور سیاحتی اہمیت کے پیش نظر خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ لکھن پور جو جموں و کشمیر کا دروازہ ہے اور پنجاب سے آنے والے لوگوں کے لئے جموں و کشمیر کا پہلا قصبہ ہے، بڑی تعداد میں سیاحوں، لوگوں اور مسافروں کے داخلے کا پہلا مقام ہے۔ اِسی طرح ٹنگمرگ دُنیا بھر میں مشہور سکی ریزورٹ گلمرگ کے راستے میں آنے والی پہلی بڑی سیاحتی منزل ہے جو اس مقبول سیاحتی مقام کی طرف جانے والے سیاحوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ان منصوبوں میںٹنگمرگ میں 3.81 کروڑ روپے کی منظور شدہ لاگت سے’سٹریٹ فوڈ ہب ‘کی تعمیر اور لکھن پور میں سٹیٹ ٹیکس آفس بلڈنگ اور بس سٹینڈ کے قریب 6.04 کروڑروپے کی لاگت سے ایک ’کلین سٹریٹ فوڈ ہب‘ کی تعمیر شامل ہے۔ اِس کے لئے فنڈز پی ایم ایس وی اے ندھی اور کیپکس بجٹ (ایم آر ڈی اے سیکٹر) کے تحت فراہم کئے جائیں گے۔اِس اَقدام کا مقصد سٹریٹ وینڈرز کے لئے منظم، حفظانِ صحت کے اَصولوں کے مطابق تمام سہولیات سے آراستہ جگہیں فراہم کرنا، عوامی سہولیات کو بہتر بنانا اور مقامی رہائشیوں، سیاحوں اور دیگر آنے والوں کے لئے محفوظ اور معیاری خوراک کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔اِن سہولیات کی تعمیر سے جموں و کشمیر کے دو اہم داخلی اور سیاحتی مقامات پر آنے والوںکے مجموعی تجربے کو بہتر بنانے کی توقع ہے جبکہ سٹریٹ وینڈرزکے لئے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرے گا اور مقامی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔یہ منصوبے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی اس توجہ کی عکاسی کرتے ہیں جس کا مقصد زیادہ صاف ستھری، بہتر منظم اور سیاحوں کے لئے سازگار عوامی جگہیں تیار کرنا ہے ۔ اس کے علاوہ یہ جموں و کشمیر کے سیاحتی اور معاشی منظرنامے میں لکھن پور اور ٹنگمرگ کی اہمیت کو بھی اُجاگر کرتے ہیں۔










