rajnath singh

دفاعی صنعت میں معیار محض ایک اضافی ضرورت نہیں بلکہ پورے پیداواری عمل کا بنیادی حصہ

موجود دور میں دفاعی شعبہ میں معیار اور بھروسے کو اولین ترجیح دینا ناگزیر / راجناتھ سنگھ

سرینگر / این این بی // بھارت نے اپنے مقامی دفاعی نظام کو مضبوط بنانے میں نمایاں پیش رفت حاصل کی ہے، تاہم دفاعی شعبے میں بڑھتی ہوئی تکنیکی ترقی کے پیش نظر ضروری ہے کہ سازوسامان کی تیاری کے ہر مرحلے پر معیار، بھروسے اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے کی بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں صرف خامیوں کی نشاندہی کرنے کے بجائے ایسی پالیسی اور ماحول کو فروغ دیا جانا چاہیے جس کے تحت خامیوں کو ابتدا ہی میں پیدا ہونے سے روکا جا سکے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق 36ویں سالانہ کانفرنس برائے نان ڈسٹرکٹیو ایویلیوایشن اینڈ اینیبلنگ ٹیکنالوجیز اور ایرو اسپیس میں نان ڈسٹرکٹیو ٹیسٹنگ سے متعلق 15ویں بین الاقوامی سمپوزیم سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ میزائل ٹیکنالوجی، بحری پلیٹ فارمز، ایرو اسپیس انجینئرنگ، ریڈار سسٹمز اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھارت کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک کے سائنس دانوں، انجینئروں، پیداواری اداروں اور صنعتی شراکت داروں کی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت کی ہے اور مختلف جدید دفاعی نظاموں کی تیاری میں مقامی ٹیکنالوجی اور مہارت کا استعمال ملک کی بڑھتی ہوئی صنعتی اور سائنسی صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے۔راجناتھ سنگھ نے ملک کے پہلے مقامی طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تیاری اور کمیشننگ بھارت کے دفاعی سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ جہاز ملک میں ہی ڈیزائن اور تیار کیا گیا، جو مقامی دفاعی صنعت اور تکنیکی مہارت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقامی میزائل ٹیکنالوجی اور خلائی نظاموں کے شعبوں میں حاصل ہونے والی کامیابیاں بھی بھارت کی سائنسی اور صنعتی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہیں۔وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ معیار اور اعتبار کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری بھی مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی نظام میں استعمال ہونے والے ہر اہم خام مال، پرزے، اسمبلی اور پیداواری عمل کو اعلیٰ ترین معیار اور بھروسے کے اصولوں پر پورا اترنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ دفاعی سازوسامان میں موجود پوشیدہ خامیاں اس کی عملی دستیابی کو متاثر کر سکتی ہیں، مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات میں اضافہ کر سکتی ہیں اور آلات کی مجموعی عمر کو بھی کم کر سکتی ہیں۔ بعض حساس حالات میں ایسی خامیاں کسی اہم فوجی مشن کی کامیابی کو بھی خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اس لیے دفاعی پیداوار کے شعبے میں ایسی سوچ کو فروغ دینا ضروری ہے جس کے تحت ہر مرحلے پر معیار کی جانچ کی جائے اور ممکنہ نقائص کو پہلے ہی مرحلے میں روکنے کے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ دفاعی صنعت میں معیار کو محض ایک اضافی ضرورت کے طور پر نہیں بلکہ پورے پیداواری عمل کا بنیادی حصہ بنایا جانا چاہیے، تاکہ ملک میں تیار ہونے والا ہر دفاعی نظام قابلِ اعتماد، محفوظ اور دیرپا ہو۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار صرف جدید ٹیکنالوجی کی تیاری پر نہیں ہوتا بلکہ اس بات پر بھی منحصر ہوتا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیے جانے والے نظام کس حد تک معیاری، قابل اعتماد اور محفوظ ہیں۔ان کے مطابق دفاع جیسے حساس اور اسٹریٹجک شعبوں میں کسی بھی قسم کی ناکامی کے نتائج دور رس ہو سکتے ہیں، اس لیے معیار اور بھروسے کو اولین ترجیح دینا ناگزیر ہے۔