بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ، اگلے ایک ہفتہ تک خشک موسم کی پیشگوئی
سرینگر / این این بی // بالائی علاقوں میں تازہ برفباری او ر میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ہی شبانہ سردیوں میں پھر اضافہ ہو گیا ہے جس دوران مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرنے کے بعد منفی 2.5 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 10روز تک موسم مجموعی طو رپر خشک رہنے کا امکان ہے جس سے شبانہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے اور مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرنے کے بعد منفی 2.5 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا، جس کے ساتھ ہی گلمرگ جموں و کشمیر کا سرد ترین مقام بن گیا۔محکمہ موسمیات کے ایک افسر کے مطابق اتوار کی صبح گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 1.9 ڈگری کم ہے۔ اسی طرح یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی محض 5.0 ڈگری سیلشس رہا، جو معمول سے 4.2 ڈگری کم درج کیا گیا۔ درجہ حرارت میں اس نمایاں کمی سے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔دوسری جانب وادی کے میدانی علاقوں میں رات کے درجہ حرارت میں نسبتاً معمول کے قریب صورتحال برقرار رہی، تاہم صبح اور شام کے اوقات میں سردی کا احساس بڑھنے لگا ہے۔ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے جانے کے باعث موسم سرما کی شدت میں اضافے کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر شہر میں دن کا درجہ حرارت 16.2 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 0.3 ڈگری زیادہ تھا، جبکہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 3.3 ڈگری سیلشس درج کیا گیا، جو معمول سے 2.0 ڈگری زیادہ ہے۔سیاحتی مقام پہلگام میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 13.7 ڈگری اور کم سے کم 2.8 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 13.0 اور کم سے کم 3.4 ڈگری رہا۔ کپواڑہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 15.6 اور کم سے کم 4.0 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جبکہ کوکرناگ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12.4 اور کم سے کم 3.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں صوبے میں موسم نسبتاً گرم رہا۔ جموں شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29.2 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 2.6 ڈگری زیادہ تھا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 14.6 ڈگری رہا، جو معمول سے 1.4 ڈگری زیادہ ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں 15 سے 21 نومبر تک مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ اس دوران 20 اور 21 نومبر کو آسمان پر بادل چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم کسی بڑی موسمی تبدیلی یا بارش کی پیش گوئی نہیں کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 22 سے 25 نومبر تک بھی موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری پیش گوئی کے مطابق آنے والے دنوں میں بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں بھی رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان موسم کی مجموعی صورتحال پر منحصر رہے گا۔










